بارش نے کھول دی وندے بھارت ٹرین کے معیار کی قلعی! ٹپکتی ہوئی چھت کی ویڈیو وائرل، کانگریس حملہ آور

ویڈیو 8 سیکنڈ کی ہے جس میں ٹرین کی ایک بوگی کے اندر پانی گرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے، حالانکہ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ویڈیو کب کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کی جدید ترین ٹرینوں میں شمار کی جانے والی وندے بھارت ایکسپریس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس نے محکمہ ریل کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ ویڈیو میں وندے بھارت ٹرین کی چھت سے پانی ٹپکتا ہوا دکھائی دے رہا ہے اور اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے یوزرس دعویٰ کر رہے ہیں کہ ٹرین کا معیار اتنا خراب ہے کہ بارش بھی نہیں جھیل پائی۔

ویڈیو 8 سیکنڈ کی ہے جس میں ٹرین کی ایک بوگی کے اندر پانی گرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ حالانکہ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ویڈیو کب کی ہے، لیکن جس تیزی سے بوگی میں پانی ٹپک رہا ہے وہ حیران کرنے والا ہے۔ ٹرین میں موجود کچھ اسٹاف پانی کو صاف کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ایک یوزر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’اگر واقعی میں ایسا ہے تو میں کم آرامدہ اور پرانی تکنیک والی ٹرینوں میں سفر کرنا پسند کروں گا۔‘‘


یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کانگریس نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس سمیت کئی دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے ٹوئٹر پر اس ویڈیو کلپ کو شیئر کیا ہے اور وندے بھارت ٹرین کے معیار پر سوال اٹھا رہی ہیں۔ کیرالہ کانگریس نے بھی اس ویڈیو کو شیئر کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ یہ وندے بھارت ایکسپریس کا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں اس وقت 17 وندے بھارت ٹرینیں چل رہی ہیں۔ 2019 میں پہلی ہائی اسپیڈ ٹرین وارانسی سے چلی تھی۔ مرکزی حکومت نے رواں سال اگست تک 75 وندے بھارت ٹرینیں چلانے کا ہدف رکھا ہے۔ یعنی آئندہ ڈھائی ماہ میں 58 ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ حالانکہ کم وقت میں 58 وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھانا مرکزی حکومت کے لیے بہت آسان دکھائی نہیں دے رہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔