مہنگائی کی مار! آسمان پر پہنچے سبزیوں کے دام، ٹماٹر 60 روپے کلو میں دستیاب
مہاراشٹر کے کئی شہروں میں ٹماٹر کے داموں میں دوگنا تک اضافہ ہوا ہے، جس کے سبب خوردہ بازار میں اس کے دام 60 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئے ہیں
ممبئی: مہاراشٹر کے کئی شہروں میں ٹماٹر کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ گزشتہ ہفتے ریٹیل مارکیٹوں میں ٹماٹر کی قیمت 30 روپے فی کلو سے بڑھ کر 50-60 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ لوکھنڈ والا کمپلیکس، اندھیری، ہائیکو پوائی اور جے این روڈ، ملنڈ میں ہفتے کے آخر میں قیمتیں بڑھ کر 40 روپے ہو گئیں۔ بدھ کو نئی ممبئی کے بوریولی، پریل، نیرول اور تھانے کے کلوا میں ٹماٹر کی قیمت 50-60 روپے تک پہنچ گئی۔
ٹائمز آف انڈیا میں شائع خبر کے مطابق اے پی ایم سی واشی کے ڈائریکٹر سنجے پنگلے نے لاگت میں اچانک اضافے کی وجہ اسٹاک کی کمی کو قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ ماہ قبل ضرورت سے زیادہ پیداوار ہوئی تھی جس کی وجہ سے ٹماٹر مہنگے داموں فروخت ہونے لگے تھے، نقصان کی وجہ سے بہت سے کسانوں نے ٹماٹر کا بیج نہیں بویا جس کے نتیجے میں اس وقت قلت ہے۔ امید ہے کہ حالات بہتر ہوں گے۔‘‘
واشی کے تھوک فروش منگل گپتا نے کہا ’’تھوک قیمت 16-22 روپے فی کلو ہے۔ اچانک اضافے کی وجہ پچھلے مہینے اضافی پیداوار ہے، قیمتیں 2 روپے فی کلو تک نیچے آ گئی ہیں۔ غیر موسمی بارشوں اور ژالہ باری کے ساتھ خراب موسم نے پیداوار میں کمی کی ہے۔ 50 فیصد تک فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ اس ماہ پیداوار کم ہے اس لیے قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ اگر موسم سازگار رہا تو اگست کے پہلے ہفتے میں نرخ معمول پر آجائیں گے۔‘‘
پونے کے تاجروں نے کہا کہ چند ماہ قبل پیداوار میں کمی کی وجہ سے خوردہ قیمت میں 10-20 روپے فی کلو کی کمی واقع ہوئی تھی۔ تاہم دو ماہ کے اندر ان میں پانچ گنا اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے دو مہینوں میں بہت سے کسانوں نے یا تو اپنی ٹماٹر کی پیداوار چھوڑ دی یا تلف کر دی کیونکہ یہ خوردہ میں 1015 روپے فی کلو سستا فروخت ہو رہا تھا۔ مارکیٹ یارڈ میں سبزی کے شعبے کے سربراہ وامن ٹوپے نے کہا ’’ہمیں اب 700-800 کوئنٹل ٹماٹر مل رہے ہیں۔ مئی کے پہلے ہفتے میں 1200 کوئنٹل سے زیادہ کی کھپت ہوئی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔