پی اے جی ڈی کے قیام کا مقصد جموں و کشمیر کو بچانا ہے: محبوبہ مفتی

محبوبہ مفتی نے کہا کہ 'اس وقت زیادتی کے خلاف مقابلہ کرنے کے لئے ہمارا متحد ہونا سب سے زیادہ ضروری ہے جب الیکشن منعقد ہوں گے تب ہم ایک دوسرے کے خلاف لڑیں گے لیکن اس وقت متحد ہونا ضروری ہے'۔

محبوبہ مفتی/ تصویر آئی اے این ایس
محبوبہ مفتی/ تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن کے تحت مختلف سیاسی جماعتوں کے اتحاد کا مقصد جموں و کشمیر کو بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، سی پی آئی (ایم) جیسی جماعتیں ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہوئی ہیں تاکہ اس مقصد کو پورا کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمارا متحد ہونا سب سے زیادہ ضروری ہے کیونکہ لوگوں کی نظریں ہم پر ہیں۔ موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو پی اے جی ڈی کی ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی گپکار رہائش گاہ پر منعقدہ میٹنگ میں اپنے خطاب کے دوران کیا۔


انہوں نے کہا کہ 'اس وقت زیادتی کے خلاف مقابلہ کرنے کے لئے ہمارا متحد ہونا سب سے زیادہ ضروری ہے جب الیکشن منعقد ہوں گے تب ہم ایک دوسرے کے خلاف لڑیں گے لیکن اس وقت متحد ہونا ضروری ہے'۔ ان کا کہنا تھا کہ 'پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پی اے جی ڈی کے تحت نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، سی پی آئی (ایم) جیسی پارٹیاں ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہوئی ہیں، یہ ایک مجبوری ہے تاکہ جموں و کشمیر کو بچایا جا سکے'۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ اس اتحاد کو توڑنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور لوگوں کی بھی ہم پر نظریں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف وزیر اعظم جموں و کشمیر کے لوگوں کے دل جیتنے کی بات کرتے ہیں جبکہ دوسری طرف ہمارے لیفٹیننٹ گورنر کہتے ہیں کہ پاکستان بندوق چلائے تو ہم کیا ڈنڈے نہیں چلا سکتے ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کی نظروں سے دیکھا جا رہا ہے حکومت کی یہ پالیسی ہماری سمجھ سے باہر ہے۔ پی ڈی پی صدر نے کہا کہ پانچ اگست 2019 کو منسوخ کی گئی دفعہ 370 صرف ہماری پہچان ہی نہیں تھا بلکہ اس کے ساتھ ہمارا مستقبل جڑا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس دفعہ سے ہماری نوکریاں اور اراضی کو تحفظ حاصل تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں کارخانے وغیرہ نہیں ہیں اس لئے نوجوانوں کا روز گار زیادہ تر سرکاری نوکریوں پر ہی منحصر تھا۔ موصوفہ نے کہا کہ مرکزی سرکار جب تک اپنی غلطی کا تدارک نہیں کرے گی تب تک ہمیں محنت کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور اپنی پارٹی میٹنگیں کر سکتے ہیں لیکن ہمیں جمع ہونے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔