’دیدی او دیدی‘ جملے کا عوام نے منھ توڑ جواب دے دیا: اکھلیش یادو
ترنمول کانگریس کی بہترین کارکردگی سے پرجوش اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ ’’بنگال میں بی جے پی کی نفرت کی سیاست کو شکست دینے والی بیدار عوام، محنتی ممتا بنرجی اور وفادار لیڈروں و کارکنان کو مبارکباد۔‘‘
مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس ایک بار پھر برسراقتدار ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ اس درمیان اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے، اور ساتھ ہی ریاست میں بہترین کارکردگی کے لیے ممتا بنرجی کو مبارکباد بھی پیش کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مغربی بنگال کی عوام نے بی جے پی کے ساتھ کر دیا ’کھیل‘
بنگال میں ترنمول کانگریس کی بہترین کارکردگی سے پرجوش اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ ’’مغربی بنگال میں بی جے پی کی نفرت کی سیاست کو شکست دینے والی بیدار عوام، محنتی ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس کے وفادار لیڈروں و کارکنان کو مبارکباد۔ یہ بی جے پی کے ذریعہ ایک خاتون پر کیے گئے ہتک آمیز طنز ’دیدی او دیدی‘ کو عوام کے ذریعہ دیا گیا منھ توڑ جواب ہے۔‘‘
واضح رہے کہ بنگال میں ترنمول کانگریس نے رجحانات میں 200 سے زائد سیٹوں پر سبقت حاصل کر لی ہے، جب کہ 200 سیٹیں حاصل کرنے کا ہدف لے کر انتخابی میدان میں اتری بی جے پی کی سبقت اس وقت محض 83 ہے۔ جیسے جیسے گنتی آگے بڑھ رہی ہے، بی جے پی کی سیٹیں کم ہی ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ جہاں تک ممتا بنرجی کی نندی گرام سیٹ کا سوال ہے، وہاں سے بی جے پی امیدوار شبھیندو ادھیکاری لگاتار سبقت بنائے ہوئے تھے، لیکن تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب ممتا بنرجی نے اس سیٹ پر سبقت بنا لی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔