راجیہ سبھا میں مارشلوں کے برتاؤ کے حوالے سے اپوزیشن نے نائب صدر سے ملاقات کی
ذرائع کے مطابق ان اپوزیشن لیڈروں نے ایوان میں مارشلوں کی ضرورت سے زیادہ تعیناتی اور راجیہ سبھا کی کارروائی کے دوران اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ان کے رویے کا مسئلہ اٹھایا۔
نئی دہلی: کانگریس، ترنمول کانگریس، دراوڑ منیتر کزگم سمیت 15 اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے جمعرات کو پارلیمنٹ کے حالیہ ختم ہونے والے مانسون سیشن کے دوران مارشل سیکورٹی اہلکاروں کے رویے پر نائب صدر سے ملاقات کی۔
نائب صدر کے سکریٹریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے، کانگریس کے نائب لیڈر آنند شرما، کانگریس کے چیف وہپ جے رام رمیش، سماج وادی پارٹی کے رہنما رام گوپال یادو، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے رہنما الاورم کریم، دراوڑ منیترا کزگم لیڈر تروچی شیوا اور دیگر قائدین نائب صدر جمہوریہ سے ملاقات کرنے والے رہنماؤں میں شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق ان اپوزیشن لیڈروں نے ایوان میں مارشلوں کی ضرورت سے زیادہ تعیناتی اور راجیہ سبھا کی کارروائی کے دوران اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ان کے رویے کا مسئلہ اٹھایا۔ اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مانسون سیشن کو شیڈول سے پہلے ختم کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔ اس دوران صرف دیگر پسماندہ طبقات کے ریزرویشن سے متعلق 'آئینی ترمیم 127 واں بل 2021' منظور کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
ایوان میں حکومت نے اپوزیشن پر جنرل انشورنس سے متعلق بل بھی اپوزیشن پر مسلط کرنے کی بھی کوشش کی۔ اس کی وجہ سے اپوزیشن رہنماؤں کو احتجاج کرنا پڑا۔ اس لیے ایوان میں افر اتفری اور شور و ہنگامے کی صورتحال پیدا کرنے کے لیے اپوزیشن رہنماؤں کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ کا اجلاس 13 اگست تک تھا لیکن راجیہ سبھا اور لوک سبھا میں پارٹیوں اور اپوزیشن کے درمیان تعطل کی وجہ سے اسے 12 اگست کو ختم ہونا پڑا۔ سیشن کے دوران اپوزیشن نے راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ کیا اور اپوزیشن پارٹی کے اراکین ایوان میں سکریٹری جنرل کی میز پر چڑھ کر بیٹھ گئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔