رُک گئی نوح میں چل رہی بلڈوزر کارروائی، ہائی کورٹ نے توڑ پھوڑ روکنے کا حکم کیا صادر

ہریانہ حکومت نے نوح میں ہوئے تشدد کے بعد سخت قدم اٹھاتے ہوئے مبینہ طور پر تشدد میں شامل افراد کے گھروں، دکانوں اور ناجائز تعمیرات پر بلڈوزر چلانا شروع کر دیا تھا۔

بلڈوزر کی علامتی تصویر
بلڈوزر کی علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

ہریانہ کے تشدد متاثرہ علاقہ نوح میں ریاستی حکومت کے ذریعہ چلائی جا رہی بلڈوزر کارروائی آج اُس وقت رُک گئی جب ہائی کورٹ نے کسی بھی طرح کی توڑ پھوڑ روکنے کا حکم صادر کر دیا۔ نوح علاقہ میں گزشتہ دو دنوں سے بلڈوزر کارروائی چل رہی تھی اور ناجائز تعمیرات کو توڑا جا رہا تھا۔ پیر کے روز پنجاب-ہریانہ ہائی کورٹ نے اس معاملے پر از خود نوٹس لیا اور توڑ پھوڑ کی کارروائی پر روک لگانے کا حکم دیا۔

ہریانہ حکومت نے نوح میں ہوئے تشدد کے بعد سخت قدم اٹھاتے ہوئے مبینہ طور پر تشدد میں شامل افراد کے گھروں، دکانوں اور ناجائز تعمیرات پر بلڈوزر چلانا شروع کر دیا تھا۔ اتنا ہی نہیں، ہنگامہ کے دوران جن مقامات کا استعمال ہوا، وہاں بھی حکومت کا بلڈوزر چلا۔ اس عمل سے ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا اور بڑی تعداد میں لوگ ریاست کی کھٹر حکومت کے خلاف آواز اٹھانے لگے۔


واضح رہے کہ ہریانہ میں گزشتہ 31 جولائی یعنی پیر کے روز ایک مذہبی شوبھا یاترا کے دوران ہنگامہ ہوا تھا۔ شوبھا یاترا پر پتھر بازی کے واقعہ نے بعد میں تشدد کی شکل اختیار کر لی اور یہ ہنگامہ دیکھتے ہی دیکھتے بہت زیادہ بڑھ گیا۔ نوح کے بعد گروگرام، سوہنا اور آس پاس کے علاقوں میں تشدد پھیل گئی تھی۔ اس کے بعد کئی مذہبی مقامات پر حملے، پتھراؤ اور توڑ پھوڑ کے واقعات پیش آئے تھے۔

4 اگست تک حالات کچھ حد تک قابو میں آ گئے تھے، پھر انتظامیہ کی کارروائی شروع ہوئی۔ اتوار کو بھی نوح میں ایک ہوٹل کو منہدم کر دیا گیا تھا۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اس ہوٹل کا استعمال پتھر بازی کے لیے کیا گیا تھا۔ اس علاقے میں انتظامیہ نے تقریباً ایک درجن سے زائد مقامات کو نشان زد کیا تھا، جن پر بلڈوزر کارروائی ہونی تھی۔ لیکن اب جبکہ پنجاب-ہریانہ ہائی کورٹ نے کسی بھی طرح کی توڑ پھوڑ پر روک لگا دی ہے، تو نشان زد مقامات کے مالکان نے راحت کی سانس لی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔