’نیتی آیوگ‘ کی نئی ٹیم میں امت شاہ اور راجناتھ سنگھ کے علاوہ شیوراج چوہان بھی شامل، پی ایم مودی ہوں گے چیئرمین

نیتی آیوگ کی ٹیم میں ایکس آفیشیو اراکین کے طور پر مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان اور مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن کو جگہ ملی ہے۔

نیتی آیوگ، تصویر آئی اے این ایس
نیتی آیوگ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نیتی آیوگ کی نئی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جس میں امت شاہ اور راجناتھ سنگھ کے علاوہ شیوراج سنگھ چوہان کا نام بھی شامل ہے۔ مرکزی حکومت کے ذریعہ تشکیل دی گئی اس نئی ٹیم کے چیئرمین وزیر اعظم نریندر مودی ہوں گے، جبکہ ڈپٹی چیئرمین سمن بیری کو بنایا گیا ہے۔ اس نئی ٹیم میں 4 فُل ٹائم یعنی کُل وقتی اراکین شامل کیے گئے ہیں۔ ان کے نام ہیں وی کے سارسوت، پروفیسر رمیش چند، ڈاکٹر وی کے پال اور اروند ورمانی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین اور چاروں کُل وقتی اراکین نیتی آیوگ کی گزشتہ ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ نئی ٹیم میں خصوصی مدعو اراکین کے طور پر این ڈی اے میں شامل کچھ پارٹیوں کے لیڈران کو شامل کیا گیا ہے۔

نیتی آیوگ کی اس ٹیم میں ایکس آفیشیو (از روئے عہدہ) اراکین کے طور پر مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان اور مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن کو جگہ ملی ہے۔ علاوہ ازیں خصوصی مدعو اراکین کے طور پر مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ نتن گڈکری، مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا، مرکزی وزیر برائے بھاری صنعت ایچ ڈی کمارسوامی اور ایم ایس ایم ای وزیر جیتن رام مناجھی کو جگہ دی گئی ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق پنچایتی راج کے وزیر راجیو رنجن سنگھ، سماجی انصاف کے وزیر ویریندر کمار، ہوابازی کے وزیر کے رام موہن نائیڈو، قبائلی امور کے وزیر جوئل اورم، خواتین و اطفال ترقی کی وزیر انّاپورنا دیوی، فوڈ پروسیسنگ کے وزیر چراغ پاسوان اور وزیر مملکت آزادانہ چارج راؤ اندرجیت سنگھ کو بھی خصوصی مدعو اراکین کے طور پر نیتی آیوگ کی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔