انکم ٹیکس کی نئی ویب سائٹ نے کیا پریشان، تو سیتارمن نے ’انفوسس‘ کی لگائی کلاس!

مرکزی وزیر مالیات نے انفوسس اور نیلکینی کو ٹیگ کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا کہ ’’امید ہے انفوسس اور نیلکینی سروس کے معیار معاملے میں ہمارے ٹیکس دہندگان کو مایوس نہیں کریں گے۔‘‘

وزیر مالیات نرملا سیتارمن / تصویر یو این آئی
وزیر مالیات نرملا سیتارمن / تصویر یو این آئی
user

تنویر

انکم ٹیکس ای فائیلنگ کے لیے 7 جون کی شب نیا پورٹل محکمہ انکم ٹیکس کے ذریعہ لانچ کیا گیا تھا، لیکن منگل کی صبح ہوتے ہوتے اس نئی ویب سائٹ میں خامیوں کی اتنی شکایتیں آ گئیں کہ مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن بھی پریشان ہو گئیں اور انھوں نے انفوسس کے شریک بانی نندن نیلکینی کی کلاس لگا دی۔ دراصل بتایا گیا تھا کہ نیا پورٹل کافی بہتر ہوگا اور یوزر کے لیے استعمال کرنا آسان بھی ہوگا، لیکن جب کئی طرح کے مسائل لوگوں کے سامنے آئے تو سوشل میڈیا پر میمس کی بارش ہو گئی اور ساتھ ہی ساتھ مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جانے لگا۔

لوگوں کی شکایت کو دیکھتے ہوئے وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے انفوسس اور نیلکینی کو ٹیگ کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا جس میں لکھا کہ ’’محکمہ انکم ٹیکس کے ای فائلنگ پورٹل 2.0، جس کا طویل مدت سے انتظار تھا، پیر کی شب 10.45 پر لانچ ہو گیا۔ لیکن اس میں خامیاں سامنے آ رہی ہیں اور شکایتیں مل رہی ہیں۔ امید ہے کہ انفوسس اور نندن نیلکینی فراہم کی جا رہی سروس کے معیار کے معاملے میں ہمارے ٹیکس دہندگان کو مایوس نہیں کریں گے۔‘‘


دراصل محکمہ انکم ٹیکس کے نئے ای فائلنگ پورٹل کو ڈیزائن اور مینٹین کرنے کی ذمہ داری آئی ٹی کمپنی انفوسس کو ہی دی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب لوگوں نے نئے پورٹل میں موجود خامیوں کی شکایت کی اور مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تو مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے ٹوئٹر پر ہی نندن نیلکینی کی کلاس لگا دی۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ٹیکس دہندگان کے لیے (پورٹل کے استعمال میں) آسانی ہی ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔