آج ماہِ رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، بدھ کو ہوگا پہلا روزہ
کورونا وبا کے بڑھتے اثرات کے سبب کئی ریاستوں میں سخت پابندیاں عائد ہیں اور پچھلی بار کی طرح اس بار بھی رمضان المبارک کے دوران بازار میں چہل پہل دیکھنے کو نہیں ملنے والی۔
رمضان کا مبارک مہینہ بدھ سے شروع ہوگا، یعنی ہندوستان میں پہلا روزہ بدھ کو رکھا جائے گا۔ یہ اعلان ملک کی مختلف ریاستوں کی رویت ہلال کمیٹی کے ذریعہ سے کیا گیا ہے۔ دہلی، مہاراشٹر اور بہار جیسی ریاستوں سے آج شام بعد نماز مغرب جو خبریں موصول ہوئیں، اس کے مطابق 29 شعبان کو رمضان المبارک کا چاند نہیں دیکھا گیا۔ اس طرح منگل کو 30 شعبان ہوگا اور بدھ کو یکم رمضان المبارک ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ کورونا وبا کے بڑھتے اثرات کے سبب پچھلی بار کی طرح اس بار بھی رمضان المبارک کے دوران بازاروں میں چہل پہل دیکھنے کو نہیں ملنے والی۔ حالانکہ ایک مہینے قبل حالات کافی بہتر ہو گئے تھے، لیکن ایک بار پھر روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ نئے کورونا کیسز سامنے آنے لگے ہیں اور کئی ریاستوں نے حالات پر قابو پانے کے لیے سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ بہار، اتر پردیش اور مہاراشٹر سمیت کچھ دیگر ریاستوں میں مساجد کے تعلق سے بھی سخت گائیڈ لائن جاری کیے گئے ہیں۔ اتر پردیش میں جہاں مسجد میں پانچ سے زائد لوگوں کے داخلے کی اجازت نہیں دی گئی ہے، وہیں بہار میں 30 اپریل تک مسجد اور دیگر مذہبی مقامات پر لوگوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
مساجد میں نمازیوں کے داخلے پر پابندی لگائے جانے کے بعد بہار کے کئی علماء نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے اپیل کی ہے کہ وہ پچاس فیصد نمازیوں کی پابندی اور سخت احتیاط کے ساتھ مساجد میں باجماعت نماز کی اجازت دیں، لیکن فی الحال اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے کوئی نرمی والا بیان نہیں دیا ہے۔ ممبئی میں بھی نائٹ کرفیو لگائے جانے کے بعد کئی مسلم تنظیموں نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو خط لکھ کر مطالبہ کیا کہ نمازِ عشاء اور تراویح کے لیے اجازت دی جائے۔ اس تعلق سے ایک عرضی عدالت میں بھی داخل کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔