دہلی میں بڑھتی آلودگی کی ذمہ دار مودی حکومت ہے، کانگریس کا سنگین الزام

کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ انتخابات کے چار مراحل ہو چکے ہیں اور ان چار مرحلوں کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ اس بار انڈیا اتحاد کی حکومت بننے جا رہی ہے اور اسی لیے وزیر اعظم گھبرائے ہوئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>جے رام رمیش پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے / قومی آواز</p></div>

جے رام رمیش پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے / قومی آواز

user

یو این آئی

دہلی میں بڑھتی آلودگی کے لیے کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کو ذمہ دارٹھہریا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے آج (17 مئی) کو ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ معیار کو نظر انداز کرتے ہوئے دہلی میں تقریباً ایک درجن بجلی گھروں میں کوئلہ استعمال کیا جا رہا ہے اور مرکز کی نریندر مودی حکومت عوامی صحت پر اس کے مضر اثرات کو روکنے کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھارہی ہے۔

جے رام رمیش نے کہا ہے کہ دہلی میں کوئلے سے چلنے والے 11 پاور اسٹیشن ہیں اور معیار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آلودگی کو بڑھاوا دیے رہے ہیں۔ اس کے ذریعے دہلی کے لوگوں کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکز میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو ان پاور اسٹیشنوں سے ماحولیات کو پہنچنے والے نقصان کو روکنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔


کانگریس کے میڈیا انچارج جے رام رمیش نے کہا کہ دہلی کے انتخابات میں ماحولیات کو ایک خاص مقام حاصل ہے۔ دہلی کے ماحول کے لیے بنیادی طور پر مرکزی حکومت ذمہ دار ہے کیونکہ دہلی میں آلودگی کا سنگین مسئلہ ہے۔ اس کا تعلق ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے بھی ہے۔ آج فضائی آلودگی صحت عامہ کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے ارد گرد 11 پاور اسٹیشن ہیں، جن میں کوئلہ استعمال ہوتا ہے۔ 2009 میں تمام پاور اسٹیشنوں کے لیے فضائی آلودگی کے معیارات طے کیے گئے تھے۔ جن اسٹیشنوں نے ان معیارات پر عمل نہیں کیا انہیں بند کردیا جاتا تھا۔

ماحولیات کو ایک بڑا مسئلہ بتاتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ مودی حکومت کہتی ہے کہ آلودگی کے معیارات پر 2027 تک عمل کیا جاسکتا ہے۔ مرکزی حکومت دہلی کے ارد گرد 11 پاور اسٹیشنوں کی ذمہ دار ہے، جن میں معیارات کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور اس سے صحت عامہ متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی خاص فرد یا برادری کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ ہر فرد کی صحت کا معاملہ ہے، اس لیے میں دہلی کے لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ انڈیا الائنس دہلی میں آلودگی کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کام کرے گی اور مقررہ وقت کے اندر اس کا فرق صاف محسوس ہوگا۔

کانگریس کے لیڈر نے اس موقع پر وزیر اعظم نریندرمودی پر بھی سخت حملہ کیا اور کہا کہ انتخابات کے چار مراحل ہو چکے ہیں اور دہلی میں 25 مئی کو انتخابات ہونے والے ہیں۔ ان چار مرحلوں کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ اس بار انڈیا اتحاد کی حکومت بننے جا رہی ہے، اس لیے وزیر اعظم گھبرائے ہوئے ہیں اور بہت خوفزدہ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔