کرناٹک ہائی کورٹ نے موبائل کمپنی شیومی کی عرضی پر مرکز کو جاری کیا نوٹس

کرناٹک ہائی کورٹ نے 21 اپریل کو چینی کمپنی شیومی کی ای ڈی کے ذریعہ اس کے بینک کھاتوں سے 5551.27 کروڑ روپے ضبط کرنے کے خلاف عرضی کو خارج کر دیا تھا۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

بنگلور: کرناٹک ہائی کورٹ کی ایک ڈویژن بنچ نے فیما (ایف ای ایم اے) کی مبینہ خلاف ورزی کے الزام میں ای ڈی کے ذریعہ 5551.27 کروڑ روپے ضبط کرنے کے حوالہ سے شیومی کی عرضی پر مرکز کو نوٹس جاری کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، چیف جسٹس پرسنا بی ورلے اور جسٹس ایس کمال کی سربراہی والی بنچ نے بدھ کو یہ نوٹس جاری کیا، شیومی ٹیکنالوجی انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے فیما ایکٹ کی دفعہ 37 اے کے تحت دائر کی گئی اپیل پر غور کیا گیا۔

کرناٹک ہائی کورٹ نے 21 اپریل کو چینی کمپنی شیومی کی ای ڈی کے ذریعہ اس کے بینک کھاتوں سے 5551.27 کروڑ روپے ضبط کرنے کے خلاف عرضی کو خارج کر دیا تھا۔ چینی ٹیکنالوجی کمپنی پر فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کی دفعات کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے اور اپیل پٹیشن پر اعتراضات داخل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سماعت 11 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔


اس سے قبل شیومی کے وکیل نے سنگل بنچ کے سامنے دلیل دی تھی کہ کمپنی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ یہ ایک چینی کمپنی ہے۔ دیگر کمپنیوں کو ٹیکنالوجی کی رائلٹی ادا کرنے کی اجازت ہے۔ انہوں نے عدالت کے نوٹس میں یہ بھی لایا کہ بینک شیومی کو درآمدات کے لیے زرمبادلہ بھیجنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے دلیل دی کہ کمپنی کو اسمارٹ فون کی تیاری اور مارکیٹنگ کے حوالے سے غیر ملکی کمپنیوں کو ادائیگی کرنے کی ضرورت تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔