اتراکھنڈ: گڑھوال یونیورسٹی نے 10 کالجوں کا الحاق ختم کرنے کا کیا اعلان، یہاں دیکھیے پوری فہرست
وائس چانسلر پروفیسر اَنپورنا نوٹیال کی صدارت میں ہوئی ایگزیکٹیو کونسل کی میٹنگ میں 10 کالجوں کا الحاق ختم کرنے کا فیصلہ لیا گیا اور اس کے منٹس بھی یونیورسٹی نے جاری کر دیئے۔
اتراکھنڈ میں گڑھوال یونیورسٹی سے ملحق 10 کالجوں کا الحاق ختم کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ گڑھوال یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اَنپورنا نوٹیال کی صدارت میں ہوئی کونسل کی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ 24-2023 سیشن سے ہی ان 10 کالجوں کا الحاق گڑھوال یونیورسٹی سے ختم ہو جائے گا۔ ان کالجوں کو یونیورسٹی نے یکم جولائی 2012 سے 30 جون 2023 تک کے لیے ہی اپنے ساتھ جوڑا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گریجویشن پی جی میں نئے اکیڈمک سیشن کے داخلوں کی تیاریوں کے درمیان ہیم وتی نندن بہوگنا گڑھوال سنٹرل یونیورسٹی کے ذریعہ 10 پرائیویٹ ڈگری کالجوں کا الحاق ختم کرنے کی جانکاری مرکزی وزارت تعلیم اور ریاستی حکومت کو بھیج دی گئی ہے۔ حالانکہ پرانے طلبا ابھی اس یونیورسٹی کا حصہ بنے رہیں گے۔ دراصل طویل مدت سے ان پرائیویٹ ڈگری کالجوں کو گڑھوال یونیورسٹی سے الگ کرنے کی کارروائی چل رہی تھی۔ گزشتہ دنوں ریاستی حکومت نے یہ کہتے ہوئے تنخواہ دینے سے انکار بھی کر دیا تھا کہ مرکزی یونیورسٹی کے کالجوں کو وہ گرانٹ کیوں دیں؟
اس درمیان ہائی کورٹ میں بی جے پی لیڈر رویندر جگران نے عرضی بھی داخل کی تھی جس پر ہائی کورٹ نے مرکزی و ریاستی حکومتوں کو فیصلہ لینے کے لیے کہا تھا۔ دونوں نے اس مسئلہ پر بات چیت کی اور اب مرکزی وزارت تعلیم نے ایک خط گڑھوال یونیورسٹی کو بھیج کر پوچھا تھا کہ ان کالجوں کو کب سے الگ کر سکتے ہیں۔ بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر اَنپورنا نوٹیال کی صدارت میں ہوئی کونسل کی میٹنگ میں 10 کالجوں کا الحاق ختم کرنے کا فیصلہ لیا گیا اور اس کے منٹس بھی یونیورسٹی نے جاری کر دیئے۔ ایگزیکٹیو کونسل نے یہ بھی فیصلہ لیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اپنے سبھی ملحق اور غیر ملحق کالجوں کی فہرست ویب سائٹ پر جاری کرے گی۔ ان 10 کالجوں میں جو طالب علم پہلے سے پڑھ رہے ہیں، وہ یونیورسٹی سے ہی امتحان دے کر ڈگری لیں گے۔ یعنی پہلے سیمسٹر کے لیے داخلے گڑھوال یونیورسٹی میں منظور نہیں ہوں گے۔
بہرحال، جن 10 کالجوں کا الحاق گڑھوال یونیورسٹی نے ختم کیا ہے ان کے نام ذیل میں دیئے جا رہے ہیں۔
ڈی اے وی پی جی کالج، دہرادون
ڈی بی ایس پی جی کالج، دہرادون
ایس جی آر آر پی جی کالج، دہرادون
ایم کے پی پی جی کالج، دہرادون
ڈی ڈبلیو ٹی کالج، دہرادون
ایم پی جی پی جی کالج، مسوری
مہیلا وِدیالیہ ڈگری کالج، ستی کنڈ، کنکھل، ہریدوار
چنمے ڈگری کالج، بی ایچ ای ایل، رانی پور، ہریدوار
بی ایس ایم کالج، رڑکی، ہریدوار
راٹھ مہاوِدیالیہ، پیٹھانی، پوڑی
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔