سرکار ہرتیکھے سوال کا جواب دے گی، اپوزیشن ایوان میں پر سکون ماحول بنائے: پی ایم مودی
مودی نے کہا کہ امید ہے کہ آپ سب کو ویکسین کا ایک ڈوز لگ گیا ہوگا۔ سب سے درخواست ہے کہ ایوان میں بھی ہم سب کورونا پروٹوکول پر عمل کریں۔ یہ ویکسین بازو پر لگائی جاتی ہے تو آپ ’باہوبلی‘ بن جاتے ہیں۔
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ حکومت پارلیمنٹ میں حزب اختلاف اور عوام کے ہر تیکھے سوال کا جواب دینے کے لئے تیار ہے، لیکن اس کے لئے حزب اختلاف کو پرامن ماحول پیدا کرنا ہوگا۔ پی ایم مودی نے پیر کو شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے مانسون سیشن سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں آج میڈیا کو دیئے گئے ایک بیان میں ایوان میں احسن طریقے سے کام کاج ہونے کی امید ظاہر کی۔
انہوں نے کہا ’’ایوان میں یہ سیشن نتیجہ خیز ثابت ہوگا، معنی خیز بحث کے لئے وقف ہو، ملک کے عوام جو جواب چاہتے ہیں، وہ جواب دینے کے لئے سرکار پوری طرح تیار ہے‘‘۔ پی ایم مودی نے کہا کہ تمام اپوزیشن کے لیڈروں سے گزارش ہے کہ وہ تیکھے اور دھاردار سوالات پوچھیں اور ایوان میں پرسکون ماحول برقرار رکھیں، جس سے حکومت کو جواب دینے کا موقع مل سکے۔ اس سے عوام تک حقائق پہنچانے کا موقع ملتا ہے۔ اس سے عوام کا اعتماد بڑھتا ہے، ترقی کی رفتار تیز ہوتی ہے۔
پی ایم مودی نے کہا کہ حکومت کورونا وباء پر پارلیمنٹ اور باہر دونوں جگہ بحث کرنے اور سیاسی جماعتوں کو تمام معلومات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ایوانوں کے لیڈروں کے ساتھ کورونا وباء کی صورتحال پر منگل کی شام کو بات کرنے کے لئے تیار ہیں اور انہوں نے لیڈروں سے اس کے لئے وقت نکالنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا ’’کورونا وباء نے پوری دنیا کو اپنی گرفت میں لے لیا ہے، اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ میں بھی اس پر معنی خیز بحث ہو اور ترجیحی بنیادوں پر ہو۔ تمام لیڈر اپنی تجاویز پیش کریں، اس سے کورونا کے خلاف لڑائی میں نیا پن آسکتا ہے، خامیوں کو دور کیا جاسکتا ہے۔ ایوان کے تمام لیڈروں سے میں نے اپیل کی ہے کہ وہ کل شام کو وقت نکالیں، تو میں انہیں کورونا سے متعلق تمام معلومات فراہم کرنا چاہتا ہوں۔ میں کورونا وبا کے سلسلے میں وزرائے اعلیٰ سے بھی بات کر چکا ہوں‘‘۔
اس سے قبل وزیر اعظم نے وہاں موجود تمام لوگوں سے بھی کورونا سے محتاط رہنے اور اس کے لئے کورونا ویکسین لگوانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص اپنے بازو پر کورونا ویکسین کا ٹیکہ لگوانے کے بعد کورونا سے مقابلہ کرنے کے لئے قابل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ’’امید ہے کہ آپ سب کو ویکسین کا ایک ڈوز لگ گیا ہوگا۔ سب سے درخواست ہے کہ ایوان میں بھی ہم سب کورونا پروٹوکول پر عمل کرنے میں بھی تعاون پیش کریں۔ یہ ویکسین بازو پر لگائی جاتی ہے، تو آپ ’باہوبلی‘ بن جاتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔