ہوا میں تھی فلائٹ اور ختم ہو گیا تیل، مسافروں کے اڑے ہوش
جب مسافروں کو پتہ چلا کہ طیارہ میں ایندھن ختم ہو چکا ہے تو ایک ہنگامہ برپا ہو گیا، کسی طرح سے پائلٹ نے مسافروں کو سمجھایا اور انھیں پرسکون رہنے کی ہدایت دی۔
طیارہ میں تکنیکی خرابیوں کی خبریں آج کل کچھ زیادہ ہی سامنے آ رہی ہیں۔ ہندوستانی ایئرلائنس کے ساتھ ساتھ بیرون ملکی ایئرلائنس کے طیارے بھی گزشتہ کچھ ماہ میں ایمرجنسی لینڈنگ کر چکے ہیں۔ کچھ ایسا ہی ایک معاملہ گزشتہ روز اس وقت سامنے آیا جب آسمان میں ایک طیارہ پرواز کر رہا تھا اور اچانک تیل ختم ہونے کی بات کا پتہ چلا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایئر لنگس کی فلائٹ نمبر ای آئی 779 کے مسافروں کی جان اس وقت حلق میں آ گئی جب طیارہ آسمان میں تھا اور انھیں کسی نے بتایا کہ تیل ختم ہونے والا ہے۔
’دی مرر‘ میں اس واقعہ کے تعلق سے تفصیلی رپورٹ شائع ہوئی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ طیارہ میں کتنا تیل ہے، اس کا غلط حساب ایئرلائن کمپنی نے لگا لیا تھا۔ اس وجہ سے آسمان میں ہی طیارہ کا ایندھن ختم ہو گیا۔ اس کے بعد پائلٹ سمیت سبھی مسافر اور کرو اراکین کے پسینے چھوٹ گئے۔ پھر آناً فاناً طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ کا فیصلہ لیا گیا اور کسی طرح سے سبھی کی جان بچ سکی۔
واقعہ 20 جولائی کا بتایا جاتا ہے جب طیارہ لینزاروٹ سے ڈبلن کے لیے جا رہا تھا۔ رپورٹ کے مطابق جب مسافروں کو پتہ چلا کہ طیارہ میں ایندھن ختم ہو چکا ہے تو ایک ہنگامہ برپا ہو گیا۔ کسی طرح سے پائلٹ نے مسافروں کو سمجھایا اور انھیں پرسکون رہنے کی ہدایت دی۔ پھر پائلٹ نے فوراً ایئر ٹریفک کنٹرولر سے بات کر شینن ایئرپورٹ پر طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ کروائی۔ خوش قسمتی یہ رہی کہ طیارہ میں شینن ایئرپورٹ جانے جتنا ایندھن بچا ہوا تھا اور ایئرپورٹ کا رَنوے بھی خالی تھا جس سے کافی آسانیاں ہو گئیں۔ طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد ایک مسافر نے بتایا کہ یہ سب کچھ انتہائی خوفناک تھا، سبھی ڈرے ہوئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔