’کیا آپ انگلینڈ میں رہ رہے ہیں؟‘ کسان سمیلن میں انگریزی بولتے کسان کو وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ٹوک دیا

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے انگریزی بولتے کسان کو ٹوکتے ہوئے کہا کہ ’’کیا ہوا تمھیں، اپنے خطاب میں انگریزی الفاظ کیوں استعمال کر رہے ہیں، کیا آپ انگلینڈ میں رہ رہے ہیں؟ یہ انگلینڈ نہیں بہار ہے۔‘‘

نتیش کمار، تصویر یو این آئی
نتیش کمار، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار منگل کے روز ’کسان سمیلن‘ میں ایک کسان کے ذریعہ انگریزی الفاظ کا استعمال کیے جانے پر ناراض ہو گئے۔ ’باپو سبھاگار‘ میں چوتھے زراعتی روڈ میپ کے عمل در آمد پر بحث کے لیے وزارت زراعت، بہار کے ذریعہ منعقد پروگرام میں نتیش کمار مہمانِ خصوصی تھے۔

جب کسان اسٹیج سے اپنے مشورے پیش کر رہے تھے تو وزیر اعلیٰ نے انھیں ٹوکتے ہوئے کہا کہ ’’کیا ہوا تمھیں... آپ اپنے خطاب میں انگریزی کے الفاظ کا استعمال کر رہے ہیں۔ کیا آپ انگلینڈ میں رہ رہے ہیں؟ یہ انگلینڈ نہیں، بہار ہے۔ آپ کو اپنی ریاست کی زبان میں بات کرنی چاہیے۔ کسان عام لوگ ہیں جو انگریزی نہیں جانتے ہیں۔ اس لیے آپ انگریزی میں جن الفاظ کا استعمال کر رہے ہیں، وہ درست نہیں ہیں۔‘‘


وزیر اعلیٰ نے کسان سے کہا کہ ’’میں دیکھ رہا ہوں کہ کورونا کے بعد سے لوگ موبائل فون کا زیادہ استعمال کر رہے ہیں۔ سب اپنی پرانی زبان بھول رہے ہیں۔ آپ کو صحیح طریقے سے اور اپنی ریاست کی زبان میں بولنا چاہیے۔ آپ جو نکات اٹھا رہے ہیں وہ درست ہے، لیکن انگریزی میں اس کا بیان درست نہیں ہے۔ دنیا میں صرف ایک ہی زبان نہیں ہے۔ آپ ان لوگوں کی زبان بول رہے ہیں جنھوں نے ہمارے ملک پر حکومت کی ہے۔ اس لیے آپ کو ان نکات پر توجہ دینی چاہیے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ محکمہ زراعت، بہار نے ریاست میں چوتھا زراعتی روڈ میپ نافذ کرنے سے پہلے منگل کے روز پٹنہ میں ’کسان سماگم‘ کا انعقاد کیا۔ محکمہ نے پٹنہ کے ’باپو سبھاگار‘ میں جمع ہوئے 4700 سے زیادہ کسانوں کو مدعو کیا۔ تقریب کے دوران ہر ضلع سے دو دو کسانوں نے وزیر اعلیٰ کے سامنے اپنے مشورے رکھے۔ تقریب کے مقام پر ایک ’مشورہ پیٹی‘ بھی رکھی گئی جہاں کسان اپنی باتیں لکھ کر ڈال سکتے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔