مودی اور ان کے دوستوں کی سانٹھ گانٹھ پر اٹھ رہی آوازوں کے پیچھے ایجنسیوں کو لگا دیا گیا، پرینکا کا مرکز پر حملہ

پرینکا گاندھی نے کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس نڈر ہو کر ملک کے مسائل پر آواز اٹھاتی رہے گی۔ کانگریس کے اجلاس میں ہم مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی کے خلاف بلند آواز اٹھانے کا عزم کریں گے۔

پرینکا گاندھی، تصویر ٹوئٹر
پرینکا گاندھی، تصویر ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مرکز اور وزیر اعظم مودی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں کانگریس کے اجلاس میں خلل ڈالنے اور اڈانی کیس سے توجہ ہٹانے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا ’’وزیر اعظم صاحب کے دوست گوتم اڈانی پر شیل کمپنیوں کے ذریعے گھپلہ اور دیگر کئی سنگین الزامات عائد ہوئے ہیں۔ لیکن کیا آپ کو کوئی بھی ایجنسی اس کی جانچ کرتے نظر آئی؟ لیکن کانگریس کنونشن میں رخنہ ڈالنے کے لئے مودی جی اور ان کے دوست کے بیچ کی سانٹھ گانٹھ پر اٹھ رہی آوازوں پر ایجنسیاں لگا دی گئی ہیں۔‘‘


انہوں نے مزید کہا ’’انڈین نیشنل کانگریس نڈر ہو کر ملک کے مسائل پر آواز اٹھاتی رہے گی۔ کانگریس کے اجلاس میں ہم مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی کے خلاف بلند آواز اٹھانے کا عزم کریں گے۔ کٹھ پتلی ایجنسیوں کا خوف دکھا کر آپ ملک کی آواز کو دبا نہیں سکتے۔‘‘

وہیں چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش سنگھ بگھیل نے بھی ٹوئٹ کرکے بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ بگھیل نے سوشل میڈیا پر لکھا ’’لاکھ روکنے کی کوششیں ہوں، ہم کامیاب ہوں گے، سچ کے سامنے ان کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا، ’’85واں کانگریس کا اجلاس تاریخی ہے لیکن اس کی کامیابی کو بی جے پی آسانی سے نہیں بھولے گی۔‘‘


خیال رہہے کہ رائے پور میں ہونے جا رہی کانگریس جنرل کانفرنس سے پہلے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے چھتیس گڑھ میں کانگریس لیڈروں سے وابستہ احاطوں پر چھاپہ مارا ہے۔ کانگریس کا اس پر کہنا ہے کہ بی جے پی کی مودی حکومت 'بھارت جوڑو یاترا' کی کامیابی اور اڈانی کے بارے میں سچائی کے بے نقاب ہونے سے بوکھلا گئی ہے۔ نیز یہ چھاپہ توجہ ہٹانے کی کوشش ہے اور ملک سچ جانتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔