سیلفی تنازعہ: کرکٹر پرتھوی شا کے خلاف ایف آئی آر درج، سپنا گل کی شکایت کے بعد ہوئی کارروائی
وکیل علی کاشف کا کہنا ہے کہ پرتھوی شا سمیت دیگر لوگوں پر دفعہ 34، 120 بی، 144، 146، 148، 149، 323، 324، 351 اور 509 کے تحت معاملہ درج کرایا گیا ہے۔
ہندوستانی کرکٹر پرتھوی شا کے خلاف سیلفی تنازعہ میں ایف آئی آر درج کیے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ سوشل میڈیا انفلوئنسر سپنا گل کے وکیل کاشف دیشمکھ نے اس سلسلے میں جانکاری دی۔ پرتھوی شا کے علاوہ آشیش سریندر یادو، برجیش اور کچھ دیگر افراد کے خلاف بھی سپنا گل کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور دیگر معاملوں میں مجرمانہ شکایت درج کی گئی ہے۔
وکیل علی کاشف کا کہنا ہے کہ پرتھوی شا سمیت دیگر لوگوں پر دفعہ 34، 120 بی، 144، 146، 148، 149، 323، 324، 351 اور 509 کے تحت معاملہ درج کرایا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سیلفی تنازعہ معاملے میں سپنا گل کو پیر کے روز ضمانت ملی تھی۔ گل کے ساتھ تین دیگر لوگوں کو بھی ضمانت ملی تھی۔ گزشتہ ہفتہ ممبئی میں پرتھوی شا کے ساتھ سیلفی لینے کو لے کر یہ تنازعہ ہوا تھا۔ اس دوران پرتھوی شا کے ساتھ سپنا گل کی کہا سنی ہوئی تھی۔ ساتھ ہی ان کی کار پر حملہ بھی کیا گیا تھا۔
یہ معاملہ پیش آنے کے بعد ممبئی پولیس نے سپنا گل سمیت چار لوگوں کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد انھیں عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ حالانکہ عدالت نے پولیس کی اس عرضی کو خارج کر دیا تھا جس میں ملزمین کے لیے چار دنوں کی ریمانڈ مانگی گئی تھی۔ اس کے بعد گل، اس کے دوست شوبھت ٹھاکر اور دو دیگر افراد رودر سولنکی و ساحل سنگھ کو 14 دن کی عدالتی حراست میں جیل بھیج دیا گیا تھا۔ بعد ازاں سوشل میڈیا انفلوئنسر سپنا اور دیگر ملزمین نے عدالت کے سامنے ضمانت عرضی داخل کی تھی۔ پیر کے روز اندھیری کورٹ کے میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ نے دلیلیں سننے کے بعد سبھی کو ضمانت دے دی۔ سپنا گل نے وکیل کاشف علی خان کے ذریعہ سے داخل اپنی درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کے خلاف ایف آئی آر پوری طرح سے جھوٹ اور فرضی الزامات کی بنیاد پر درج کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔