ریلوے کے 16 پلاٹوں کو لیز پر دینے کا فیصلہ، ہوگی 1904 کروڑ روپے کی آمدنی

آر ایل ڈی اے کے نائب صدر وید پرکاش ڈوڈیجا نے کہا کہ ’’یہ پلاٹ ملک کے اہم شہروں میں واقع ہیں اور رہائشی و تجارتی ترقی کی بڑی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ریل لینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ایل ڈی اے) نے لکھنؤ، اجمیر، سوائی مادھو پور، وارانسی، امراوتی، بھاؤ نگر، کٹرا، گوہاٹی، گورکھپور، سکندرآباد، چنئی، دہلی اور ہوڑہ میں 16 پلاٹوں کو لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کیلئے بولی لگانے کی دعوت دی گئی ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ اس عمل کے ذریعہ ریلوے کیلئے تقریبا 1904 کروڑ روپے آمدنی حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

آر ایل ڈی اے کے ترجمان نے بتایا کہ بولی لگانے کے لئے فی الحال تجویز کردہ 16 مقامات میں لکھنؤ ریلوے اسٹیشن کی ترقی نو، رام گڑھ تال کالونی (گورکھپور)، گومتی نگر (لکھنؤ) میں واقع پلاٹ، مولا علی فلائی اوور (سکندرآباد) کے قریب پلاٹ، بلے وارڈ روڈ کالونی (دہلی) اور سالٹ گولا(ہوڑہ) اہم پلاٹ ہیں۔ یہ پلاٹ مارکیٹ کی صلاحیت اور منفرد مقام کی وجہ سے تجارتی اور رہائشی ترقی کے لئے موزوں ترین ہیں۔


آر ایل ڈی اے کے نائب صدر وید پرکاش ڈوڈیجا نے کہا کہ ’’یہ پلاٹ ملک کے اہم شہروں میں واقع ہیں اور رہائشی و تجارتی ترقی کی بڑی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آر ایل ڈی اے ممکنہ ڈیولپروں کو ان پلاٹوں کو لیز پر دے گا، جنھیں مقامی قوانین کے مطابق ان سائٹس کو تیار کرنے کا پابند کیا جائے گا۔ یہ سائٹیں سرمایہ کاروں اور ڈیولپروں دونوں کے لئے ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرتی ہیں۔ ایک بار ڈیولپ ہونے کے بعد ان سائٹس سے متعلقہ علاقوں کی معاشی نمو، ملازمت کی تخلیق اور غیر منقولہ مارکیٹ کی صلاحیت کو فروغ ملے گا۔

ترجمان کے مطابق وبائی امراض کے اثرات پر قابو پانے کے لئے آر ایل ڈی اے نے مالی سال 22-2021میں ہندوستانی ریلوے کے لئے 2000 کروڑ روپئے کی محصول آمدنی کا ہدف مقرر کیا ہے، جو پچھلے مالی سال سے 352 کروڑ روپے زیادہ ہے۔ آر ایل ڈی اے ریلوے اراضی کو ڈیولپ کرنے کے لئے وزارت ریلوے کے تحت ایک قانونی اتھارٹی ہے۔ اس وقت آر ایل ڈی اے چار اقسام کے منصوبوں کے لئے لیز پر زمین دے رہا ہے۔ اس میں تجارتی / رہائشی سائٹیں، کالونی بحالی، اسٹیشن کی دوبارہ ترقی اور کثیر المقاصد کیمپس شامل ہیں۔


ہندوستانی ریلوے کے پاس پورے ہندوستان میں تقریباً 43 ہزار ہیکٹر خالی اراضی ہے۔ نیز آر ایل ڈی اے کے پاس ملک بھر میں 84 تجارتی گرین فیلڈ سائٹس موجود ہیں جن کو لیز پر دینے کے لئے ہیں اور ہر ایک کے لئے اہل ڈیولپرز کا انتخاب آزاد اور شفاف بولی عمل کے ذریعے کیا جائے گا۔ آر ایل ڈی اے اس وقت 84 ریلوے کالونی بحالی منصوبوں کو سنبھال رہا ہے۔ آر ایل ڈی اے بھی ریلوے اسٹیشنوں کی بازآبادکاری کے ساتھ فی الحال یہ مرحلہ وار 60 ریلوے اسٹیشنوں پر کام کررہا ہے، جبکہ اس کی ماتحت کمپنی آئی آر ایس ڈی سی ملک بھر کے دیگر ریلوے اسٹیشنوں پر کام کررہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔