حاملہ ہتھنی کی موت تکلیف دہ، لیکن مینکا گاندھی کا بیان ناقابل قبول: رمیش
رمیش چنیتھلا نے اپنے ایک پیغام میں مینکا گاندھی کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ بتایا اور الزام عائد کیا کہ سوشل میڈیا اب محض ایک مخصوص طبقے کے خلاف اشتعال انگیز بیانات سے بھر گیا ہے۔
ترووننت پورم: کیرالا میں اپوزیشن رہنما رمیش چنیتھلا نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ مینکا گاندھی پر کیرالا کے سائیلینٹ ویلی جنگل میں ایک حاملہ جنگلی ہتھنی کی دردناک موت کے معاملے میں ایک مخصوص طبقے کے خلاف اشتعال انگیز بیان دینے اور مَلّاپورم ضلع کو جرائم کے گڑھ کے طور پر پیش کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
چنیتھلا نے اپنے ایک پیغام میں مینکا گاندھی کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ بتایا اور الزام عائد کیا کہ سوشل میڈیا اب محض ایک مخصوص طبقے کے خلاف اشتعال انگیز بیانات سے بھر گیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ اپنے بیان کو واپس لیں اور معافی مانگیں۔
چنیتھال نے کہا، ’حاملہ ہتھنی کی موت کافی تکلیف دہ ہے اور ایسے انسانی جرم کی مذمت کے علاوہ اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کی ضرورت ہے لیکن اس معاملے میں مینکا گاندھی کی کیرلا کے ضلع ملاپورم کے خلاف کیے گئے تبصرے کو نا قابل قبول قرار دیا‘۔
غور طلب ہے کہ مینکا گاندھی نے ہتھنی کی موت پر کہا تھا، ’ملا پورم اپنی مجرمانہ سرگرمیوں بالخصوص جانوروں کے خلاف بہیمانہ جرام کے لیے مشہور ہے۔ ابھی تک کسی بھی شکاری یا جنگلی جانوروں کو مارنے والے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی جس کے سبب جرائم کی سرگرمیاں بڑھتی جا رہی ہیں‘۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔