کورونا سے پریشان مودی حکومت نے اٹھایا بڑا قدم، مارچ 2021 تک کوئی نئی سرکاری اسکیم نہیں
وزارت مالیات کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے جاری معاشی بحران میں خرچ کم کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ لیکن پی ایم غریب کلیان یوجنا اور خود کفیل ہندوستان منصوبہ کے تحت کیے گئے اعلانات پر خرچ جاری رہے گا۔
مودی حکومت کورونا بحران سے باہر نکلنے کے لیے لگاتار کوششیں کر رہی ہے لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے معیشت کی حالت انتہائی بدتر ہو گئی ہے جسے سنبھالنا مشکل ہو رہا ہے۔ اب حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ مارچ 2021 تک کوئی بھی نئی سرکاری اسکیم شروع نہیں کرے گی، بلکہ جو پرانے منصوبے ہیں، ان پر ہی توجہ دی جائے گی۔ علاوہ ازیں پی ایم غریب کلیان یوجنا اور خود کفیل ہندوستان سے جڑے منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔
مرکزی وزارت برائے مالیات کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے 31 مارچ 2021 تک کوئی نئی سرکاری اسکیم نہیں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا کی وجہ سے جاری معاشی بحران میں خرچ کی تخفیف کے تحت یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ لیکن پی ایم غریب کلیان یوجنا اور خود کفیل ہندوستان کے تحت کیے گئے اعلانات پر خرچ جاری رہے گا۔
وزارت مالیات کے بیان کے مطابق مالی سال 21-2020 میں منظور یا جائزہ والی سبھی اسکیموں پر روک لگا دی گئی ہے۔ ایکسپنڈیچر ڈپارٹمنٹ سے ملے اصولی اجازت والی اسکیم بھی اس میں شامل ہے۔ اس میں ایس ایف سی کے 500 کروڑ سے اوپر کی نئی اسکیم پر بھی بریک لگی رہے گی۔ وزارت مالیات نے خزانہ کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے یہ احکامات جاری کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : دہلی میٹرو سروس بحال ہونے سے پہلے ہی 20 ملازم کورونا پازیٹو
یہاں قابل ذکر ہے کہ یہ فیصلہ مودی حکومت پہلے ہی لے چکی تھی کہ پرانے منصوبوں کو پورا کرنے کے بعد ہی نئے منصوبوں کو شروع کیا جائے گا، لیکن کورونا بحران میں پیدا صورت حال کو دیکھتے ہوئے اس فیصلے کو اب مزید سختی سے نافذ کیا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 05 Jun 2020, 3:10 PM