آئی آئی ٹی گواہاٹی کیمپس کے اندر کمرے میں پھندے سے لٹکی ملی پروفیسر کی لاش، سبھی حیران
آئی آئی ٹی گواہاٹی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سمیر کی موت معاملے میں ادارہ داخلی سطح پر جانچ کرے گا اور پولیس جانچ میں بھی ہر طرح کی مدد کی جائے گی۔
انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) گواہاٹی کے ایک فیکلٹن رکن ہفتہ کے روز کیمپس کے اندر اپنے کمرے میں پھندے سے لٹکے نظر آئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مہلوک آئی آئی ٹی کے ریاضی فیکلٹی میں استاد تھے۔ ان کی شناخت 47 سالہ ڈاکٹر سمیر کمل کی شکل میں کی گئی ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد کیمپس میں ہر کوئی حیران نظر آ رہا ہے۔
آئی آئی ٹی گواہاٹی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سمیر کی موت معاملے میں ادارہ داخلی سطح پر جانچ کرے گا اور پولیس جانچ میں بھی ہر طرح کی مدد کی جائے گی۔ ادارہ کے ذریعہ جانکاری دی گئی ہے کہ آئی آئی ٹی-گواہاٹی مہلوک کے کنبہ کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس مشکل وقت میں ان کے تئیں اپنی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔
اس واقعہ کے تعلق سے پولیس نے بتایا کہ لاش ہفتہ کی صبح ایک کمرے کے اندر برآمد کی گئی تھی۔ لاش کو دیکھ کر اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ان کی دو تین دن پہلے موت ہوئی ہوگی۔ ہفتہ کی صبح اطلاع ملی کہ بند فیکلٹی کوارٹر ڈی 022 سے بدبو آ رہی ہے۔ جانکاری ملتے ہی پولیس ٹیم وہاں پہنچی اور کوارٹر کو کھلوایا جہاں ڈاکٹر سمیر کمل کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی تھی۔ مبینہ طور پر یہ خودکشی کا معاملہ لگتا ہے، حالانکہ موقع پر کوئی خودکشی نوٹ برآمد نہیں ہوا ہے۔ پولیس اس معاملے کی خودکشی کے ساتھ ساتھ دوسرے پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی جانچ کر رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ ڈاکٹر سمیر کمل کہاں کے رہنے والے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ ان کے گھر والوں سے رابطہ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔