جس دن مجھے لگے گا کہ آئین اور ریزرویشن کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا، میں وزارتی عہدہ کو لات مار دوں گا: چراغ پاسوان
چراغ پاسوان نے کہا کہ ’’میں چاہے کسی بھی اتحاد میں رہوں یا کسی بھی وزارتی عہدہ پر فائز رہوں، جس دن مجھے لگے گا کہ آئین کے ساتھ اور ریزرویشن کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے، اسی وقت عہدہ کو لات مار دوں گا۔‘‘
لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر چراغ پاسوان نے آج ایک ایسا بیان دیا ہے جو مرکز کی مودی حکومت کے لیے فکر انگیز ہے۔ انھوں نے ہندوستانی آئین اور ریزرویشن کے تعلق سے کسی بھی غلط قدم کے خلاف کھل کر آواز اٹھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ چراغ کا کہنا ہے کہ ’’میں اصولوں کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ پاپا (رام ولاس پاسوان) نے بھی ایسا کیا تھا۔ اسی طرح میں بھی وزارتی عہدہ کو لات مار دوں گا۔‘‘
چراغ پاسوان نے یہ بیان بہار کی راجدھانی پٹنہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا ہے۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’میں کسی بھی اتحاد میں رہوں یا کسی بھی وزارتی عہدہ پر رہوں، جس دن مجھے لگے گا کہ آئین کے ساتھ اور ریزرویشن کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے، میں اسی وقت وزارتی عہدہ کو لات مار دوں گا، جیسے میرے والد نے مارا تھا۔‘‘
ایل جے پی لیڈر نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا ہے جب جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخاب کی تاریخ کا اعلان ہونے والا ہے۔ بی جے پی جھارکھنڈ میں آل جھارکھنڈ اسٹوڈنٹس یونین (آجسو) اور جنتا دل یو کے ساتھ مل کر انتخابی میدان میں اترنے والی ہے۔ ایسے میں ایل جے پی نے اعلان کر دیا ہے کہ ان کی پارٹی جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخاب ضرور لڑے گی۔ چراغ پاسوان کا کہنا بھی ہے کہ اتحاد میں یا تنہا انتخاب لڑنے سمیت سبھی متبادل پر غور و خوض ہو رہا ہے۔ چونکہ ایل جے پی مرکز میں این ڈی اے کا حصہ ہے، اس لیے پارٹی جھارکھنڈ میں بھی این ڈی اے کا حصہ رہتے ہوئے انتخابی میدان میں اترنا چاہتی ہے۔ لیکن بی جے پی ایسا نہیں چاہتی تو ایل جے پی تنہا بھی میدان میں اترنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔