کرناٹک: ملک کو ملا تیل کا نیا ذخیرہ، مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے کی تصدیق

مرکزی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی گیس ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ ’’کرشنا گوداوری بیسن میں کاکیناڈا کے ساحل سے 30 کلومیٹر دور کل پہلی بار تیل نکالا گیا۔‘‘

مرکزی وزیر ہردیپ پوری / ٹوئٹر
مرکزی وزیر ہردیپ پوری / ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آ رہی ہے۔ مرکزی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی گیس ہردیپ سنگھ پوری نے ملک میں تیل کا نیا ذخیرہ برآمد ہونے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کرشنا گوداوری بیسن میں کاکیناڈا ساحل سے 30 کلومیٹر دور تیل نکالے جانے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ یہ ایک بڑی کامیابی ہے۔

مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری کا بیان خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کیا ہے۔ اپنے بیان میں مرکزی وزیر کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ ’’کرشنا گوداوری بیسن میں کاکیناڈا کے ساحل سے 30 کلومیٹر دور کل پہلی مرتبہ تیل نکالا گیا تھا۔ 17-2016 میں اس پر کام شروع ہوا تھا۔ حالانکہ پھر کووڈ کی وجہ سے کچھ تاخیر ہوئی۔‘‘ ہردیپ سنگھ پوری نے مزید کہا کہ ’’وہاں 26 کنویں میں سے 4 کنویں پہلے سے ہی چالو ہیں۔‘‘


مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے تیل کا نیا ذخیرہ ملنے کے بعد ملک کو خاطر خواہ فائدہ پہنچنے کی بات کہی۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’ہمارے پاس نہ صرف بہت کم وقت میں گیس ہوگی، اس کے علاوہ مئی اور جون تک ہم روزانہ 45000 بیرل کا پروڈکشن کرنے میں اہل ہونے کی امید کرتے ہیں۔ یہ پروڈکشن ہمارے ملک کے مجموعی خام تیل کے پروڈکشن کا 7 فیصد اور ہمارے گیس پروڈکشن کا 7 فیصد ہوگا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔