دہلی ایئرپورٹ سے نکلی مسافروں سے بھری بس پانی میں پھنسی، محفوظ نکالا گیا
فائر بریگیڈ کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق صبح 11 بجکر 31 منٹ پر فون کال آئی تھی، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیاں موقع پر پہنچی اور بس میں بیٹھے تمام مسافروں کو محفوظ نکال لیا گیا۔
نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں تیز بارش کا دور جاری ہے۔ دریں اثنا، ائیرپورٹ سے مسافروں کو لے کر آ رہی ایک بس پالم فلائی اوور کے نیچے پانی میں پھنس گئی۔ تاہم فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کی مدد سے تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ دراصل صبح ائیرپورٹ کی طرف سے آنے والی بس پالم فلائی اوور ہوتے ہوئے اپنی منزل کی جانب گامزن تھی لیکن انڈر پاس سے گزرتے وقت ہی بس میں تکنیکی خرابی آنے کے سبب بند ہو گئی۔
وہیں پانی میں خود کو گھرا ہوا دیکھ کر مسافروں میں خوف پیدا ہو گیا، جس کے بعد فائر بریگیڈ کو اس کی اطلاع دی گئی۔ اس دوران کسی طرح کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ بس میں بیٹھے تقریباً 40 مسافروں کو محفوظ نکال لیا گیا۔ سوشل میڈیا پر بھی اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں فائر بریگیڈ کے اہلکار مسافروں کو نکالتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ وہیں مسافر بھی اپنا سامان لے کر انڈر پاس سے گزر رہے ہیں۔
فائر بریگیڈ کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق صبح 11 بجکر 31 منٹ پر فون کال آئی تھی، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیاں موقع پر پہنچی اور بس میں بیٹھے تمام مسافروں کو محفوظ نکال لیا گیا۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ تقریباً 30 سے 40 لوگ بس میں سوار تھے۔ بس ائیرپورٹ کی سمت سے آ رہی تھی اور پالم فلائی اوور کے انڈر پاس کے نیچے بند ہو گئی تھی۔ فی الحال تمام مسافر محفوظ ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔