بلند شہر میں 2 سادھوؤں کا وحشیانہ قتل، پرینکا گاندھی نے یوگی حکومت پر کیا حملہ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بلند شہر: اترپردیش کے ضلع بلند شہر کے انوپ شہر علاقے میں مندر میں سو رہے دو سادھوؤں کا گلا ریت کر قتل کردیا گیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنتوش کمار سنگھ نے منگل کو یہاں بتایا کہ انوپ شہر، شکارپور شاہراہ پر واقع پگونا گاؤں میں شیو مندر ہے۔ مندر کی دیکھ بھال گزشتہ دس سالوں سے علی گڑھ باشندہ بابا غریب داس عرف جگن داس (55) اور ان کا شاگرد شیر سنگھ عرف سیوا داس (35) کرتے تھے۔ پیر کی رات میں دونوں مندر احاطے کے کمرے میں سو رہے تھے۔ صبح جب مقامی افراد پوجا کے لئے مندر گئے تو دونوں کی لاشیں خون میں لت پت پڑی ہوئی دیکھ کر پولیس کو مطلع کیا۔

اطلاع ملنے پر ایس ایس پی سنتوش کمار سنگھ پولیس ٹیم و فورنسک ٹیم کے ساتھ گاؤن پہنچے۔ پولیس نے قتل کے الزام میں ایک شخص مراری کو نشے کی حالت میں گرفتار کیا ہے۔ قتل کی اس واردات سے علاقے میں کافی اشتعال ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ دو دن قبل مراری نے سادھو جگدیش داس کا چمٹا غائب کردیا تھا جس لے کر بابا نے اسے برا بھلا کہا تھا اور پھٹکار بھی لگائی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم نشے کا عادی ہے۔ بابا کی پھٹکار سے پریشان ہو کر مراری نے تناؤ میں دونوں سادھوؤں کا قتل کر دیا ہے۔ لاش کو پوسٹ مارتم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔


وہیں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے یوپی میں لاک ڈاؤن کے دوران بڑھتے جرائم پر یوگی حکومت کو گھیرا ہے، انہوں نے کہا کہ اتر پردیش کی یوگی حکومت خواب غفلت میں ہے، وہاں جرائم کا بول بالا ہوگیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اپریل ماہ میں ہی 15 دنوں کے اندر یوپی میں سو افراد کا قتل ہوگیا، تین دن پہلے ایٹہ میں پچوری خاندان کے 5 لوگوں کی لاشیں مشتبہ حالات میں پائی گئیں، کوئی نہیں جانتا ان کے ساتھ کیا ہوا اور آج بلند شہر میں ایک مندر میں سو رہے دو سادھوؤں کو بے رحمی سے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔