اُودے پور میں ہوا سفاکانہ قتل افسوسناک اور قابل مذمت: جمعیت اہل حدیث

مولانا اصغر علی نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا پوری زندگی یہ معمول رہا کہ آپ نے سخت سے سخت دشمن کو بھی حسن اخلاق کے ذریعہ اپنا گرویدہ بنایا اور کبھی بھی کسی کے ساتھ زور زبردستی نہیں کی۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولنا اصغر علی امام مہدی سلفی / سوشل میڈیا
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولنا اصغر علی امام مہدی سلفی / سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے اخبارات کے نام جاری ایک بیان میں اودے پور کے اندر ہوئے سفاکانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے انتہائی افسوس ناک اور بدبختانہ عمل قرار دیا ہے۔

امیر اصغر علی نے کہا کہ یہ واقعہ جس تناظر میں بھی انجام دیا گیا ہو اسے درست قرار نہیں دیا جا سکتا کیونکہ کسی بھی مجرم کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ذمہ داری عدلیہ اور انتظامیہ کی ہے اور کیسی بھی صورت حال ہو کسی کو بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کا اختیار نہیں ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا پوری زندگی یہ معمول رہا کہ آپ نے سخت سے سخت دشمن کو بھی حسن اخلاق کے ذریعہ اپنا گرویدہ بنایا اور کبھی بھی کسی کے ساتھ زور زبردستی نہیں کی یا اس کی بدتمیزی اور ایذا رسانی کے لیے سزا نہیں دی، جس کی بنا پر آپ پوری انسانیت کے لیے حسن اخلاق کا اسوہ و نمونہ بن گئے۔

پریس ریلیز میں عوام وخواص سبھی سے اپنے جذبات قابو میں رکھنے، افواہوں کا شکارنہ ہونے، کسی بھی قسم کی جذباتیت یا اشتعال انگیزی سے بچنے اور امن وقانون کی صورت حال اور قومی یکجہتی اور آپسی بھائی چارہ کو برقرار رکھنے کی اپیل کی گئی ہے، نیز حکومتوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ گنہگاروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کر کے امن و قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔