جیل کا جواب ووٹ سے! لوک سبھا انتخابات کے لئے عام آدمی پارٹی کا کیمپین سانگ جاری
سنجے سنگھ نے لوگوں سے کہا کہ اپنے غصہ کو ووٹ میں تبدیل کیجئے اور 25 مئی کو دہلی میں ہونے والے انتخابات کے دوران عام آدمی پارٹی کو ووٹ دیجئے۔
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) نے جمعرات کو لوک سبھا انتخابات کے لئے اپنا کیمپین سانگ لانچ کر دیا۔ عآپ نے لوک سبھا کیمپین سانگ کو اروند کیجریوال کی گرفتاری اور ان کے جیل جانے سے منسلک کیا ہے۔ کیمپین سانگ کی ابتدا ’جیل کے جواب میں ہم ووٹ دیں گے‘ سے ہوتی ہے۔
اس موقع پر نئی دہلی واقع پارٹی کے صدر دفتر میں منعقدہ تقریب کے دوران قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے لئے ایک کرسی خالی رکھی گئی تھی۔ تھیم سانگ لانچ کرنے کے دوران عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے کہا کہ ریاست کا تاجر طبقہ بھی یہ کہہ رہا ہے کہ ہمارے سماج کا ایک شخص دہلی کا وزیر اعلیٰ تھا، اسے بھی پکڑ کر جیل میں ڈال دیا۔ تاجروں، نوجوانوں، ماؤں بہنوں میں غم و غصہ ہے۔
انہوں نے لوگوں سے کہا کہ اس غصہ کو اپنے ووٹ میں تبدیل کیجئے اور 25 مئی کو دہلی میں ہونے والے انتخابات کے دوران عام آدمی پارٹی کو ووٹ دیجئے۔
سنجے سنگھ نے گجرات کے سورت کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ملک سے آئین کو ختم کرنے کی شروعات سورت سے کر چکی ہے۔ سورت میں کانگریس کے امیدوار کا پرچہ خارج کر دیا گیا اور انتخابات سے قبل ہی بی جے پی امیدوار کو جیت کا سرٹیفکیٹ دے دیا گیا۔ آج تک کی تاریخ میں پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کوئی برسراقتدار جماعت بغیر الیکشن جیت گئی ہو۔ سورت بس ایک جھانکی ہے، پورا ملک ابھی باقی ہے۔ اقتدار میں آتے ہی یہ لوگ بابا صاحب کے آئین، ریزرویشن، ووٹ کا حق ختم کر دیں گے۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ چنڈی گڑھ میئر الیکشن کے حوالہ سے سپریم کورٹ کی جانب سے دیا گیا فیصلہ ہندوستان کو بیدار کرنے والا فیصلہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔