بہار کو مزید ’اَن لاک‘ کیے جانے کا اعلان، اسکول کھولنے کا راستہ بھی ہموار

وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ٹوئٹ کے ذریعہ جانکاری دی کہ ’’کورونا انفیکشن میں کمی کو دیکھتے ہوئے مورخہ 7 اگست سے 25 اگست تک سبھی دکانوں کو ہفتہ واری بندی کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔‘‘

وزیر اعلی بہار نتیش کمار کی فائل تصویر، آئی اے این ایس
وزیر اعلی بہار نتیش کمار کی فائل تصویر، آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بہار میں کورونا انفیکشن کے اثر کو کم ہوتا دیکھ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے لاک ڈاؤن میں کئی طرح کی چھوٹ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ انھوں نے بذریعہ ٹوئٹ بہار کو مزید اَن لاک کیے جانے کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ’’کورونا انفیکشن میں کمی کو دیکھتے ہوئے مورخہ 7 اگست سے 25 اگست تک سبھی دکانوں کو ہفتہ واری بندی کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ نویں سے دسویں جماعت تک 7 اگست سے اور پہلی سے آٹھویں جماعت تک 16 اگست سے کھلیں گی۔‘‘

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ چیتنیہ پرساد نے بدھ کو وزیراعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں ختم ہوئی ڈیزاسٹر مینجمنٹ گروپ کی میٹنگ کے بعد محکمہ صحت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری پرتیہ امرت اور پبلک ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ کے سکریٹری انوپم کمار کی موجودگی میں آن لائن منعقدہ پریس کانفرنس میں کورونا پابندیوں کے تعلق سے دی جانے والی تازہ نرمی کے تعلق سے تفصیلی جانکاری دی۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست میں کورونا انفیکشن کی کمی کے پیش نظر 07 اگست 2021 سے نویں سے دسویں جماعت کے جبکہ 16 اگست سے پہلی سے آٹھویں کلاس تک کے اسکول کھولے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسکول طلباء کی کل گنجائش کی 50 فیصد حاضری کے ساتھ یاایک روزفرق کے ساتھ کھولے جائیں گے۔


چیتنیہ پرساد نے مزید بتایا کہ کستوربا ودیالیہ، کرپوری ہاسٹل بھی ان ضوابط کے ساتھ کھول دئیں جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول کھولنے سے پہلے محکمہ تعلیم تمام سکولوں میں صاف صفائی اور سینیٹازیشن کے کام کو یقینی بنائے گا۔ اس کے ساتھ ہی اسکولوں میں بچوں کو کووڈ دوستانہ رویے کے بارے میں معلومات دی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔