کانگریس تب تک خاموش نہیں بیٹھے گی جب تک دلت بیٹی کو انصاف نہیں ملتا: چودھری انل

دلت بیٹی کی عصمت دری اور قتل معاملے میں متاثرہ فیملی کو انصاف دلانے اور بچی کی روح کو سکون پہنچانے کے لیے کانگریس لیڈران و کارکنان نے دہلی کے سبھی 70 اسمبلی حلقوں میں کینڈل مارچ نکالا۔

تصویر ویپن/قومی آواز
تصویر ویپن/قومی آواز
user

قومی آواز بیورو

دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار آج سابق کانگریس صدر راہل گاندھی کے ساتھ اولڈ نانگل گاؤں کی 9 سالہ دلت بچی کی عصمت دری اور قتل معاملے میں متاثرہ فیملی سے ملے گئے تھے، جہاں انھوں نے ہلاک لڑکی کے والدین سے بات چیت کر کے ان کے تئیں اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔ چودھری انل کمار نے بتایا کہ راہل جی سے نجی طور پر ملتے ہوئے دلت بچی کے والدین کے آنسو صرف ایک بات کہہ رہے تھے کہ ان کی بیٹی ملک کی بیٹی ہے، جو انصاف کی حقدار ہے۔ چودھری انل کمار نے کہا کہ انسانیت اور ہمدردی سے ارد گرد سماج میں ترقی کے سب سے ذیلی سطح پر کھڑے لوگوں کی آواز بن کر ان کی مدد کرنے کے لیے کانگریس کارکنان ان کے پیچھے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ساتھ ہی چودھری انل نے کہا کہ جب تک دلت بیٹی کو انصاف نہیں مل جاتا اور جرائم پیشوں کو قرار واقعی سزا نہیں دی جاتی دہلی کانگریس خاموش نہیں بیٹھے گی۔

کانگریس تب تک خاموش نہیں بیٹھے گی جب تک دلت بیٹی کو انصاف نہیں ملتا: چودھری انل

اس درمیان چودھری انل کمار کی قیادت میں اولڈ نانگل گاؤں کی دلت بیٹی کی عصمت دری اور قتل معاملے میں متاثرہ فیملی کو انصاف دلانے اور بچی کی روح کو سکون پہنچانے کے مقصد سے کانگریس نے آج دہلی کے سبھی 70 اسمبلی حلقوں میں کینڈل مارچ نکالا اور مہلوک بچی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نئی دہلی پارلیمانی حلقہ میں جنتر منتر پر نکالے گئے کینڈل مارچ میں چودھری انل کمار کانگریس کے سینئر لیڈروں کے ساتھ شامل ہوئے۔ کینڈل مارچ میں دیگر لیڈروں میں سابق رکن پارلیمنٹ ادت راج، ترون کمار، نتن راؤت، جے کشن، انل بھاردواج، کنور کرن سنگھ، وجے لوچو، امریش گوتم، درشنا رام کمار، علی مہندی اور مدت اگروال وغیرہ شامل ہوئے۔


اس موقع پر چودھری انل کمار نے کہا کہ دہلی کا نظامِ قانون مرکز کی مودی حکومت کے ماتحت ہے اور دہلی کے وزیر اعلیٰ راجدھانی میں بگڑتے حالات کو لے کر پوری طرح لاپروا ہیں۔ اتوار کے واقعہ کے بعد کیجریوال بدھ کو صرف رسم ادائیگی کے لیے متاثرہ فیملی سے ملے گئے جہاں مقامی لوگوں نے ان کا بائیکاٹ کیا۔ چودھری انل نے مزید کہا کہ درندگی کا شکار ہوئی معصوم دلت بیٹی کو انصاف دلانے کی لڑائی میں کانگریس پارٹی ہر ممکن مدد کرے گی اور تکلیف کے اس وقت کانگریس پارٹی متاثرہ فیملی کے ساتھ کھڑی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔