’اگنی پتھ منصوبہ پوری طرح منسوخ کر فوج میں بھرتی کا پرانا عمل شروع کیا جائے‘، کانگریس نے پھر کیا مطالبہ

کانگریس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارلیمنٹ میں انڈیا اتحاد پوری یکجہتی کا مظاہرہ کرے گا اور اگنی پتھ منصوبہ کو واپس کرا کے ہی دَم لے گا۔

کانگریس لیڈر دیپیندر ہڈا / ویڈیو گریب
کانگریس لیڈر دیپیندر ہڈا / ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس نے فوج میں ’اگنی پتھ‘ منصوبہ کو پوری طرح سے ختم کر بھرتی کا پرانا عمل شروع کرنے کا مطالبہ ایک بار پھر زوردار انداز میں کیا ہے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور لوک سبھا رکن دیپیندر سنگھ ہڈا نے کہا کہ کانگریس پارٹی اگنی پتھ منصوبہ میں تبدیلی کے مشوروں کو خارج کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ مرکزی حکومت اس منصوبہ کو پوری طرح سے واپس لے۔

نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیپیندر ہڈا نے کہا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے اگنی پتھ منصوبہ کو لے کر افواج میں داخلی سروے کی خبریں آ رہی ہیں، جن میں منصوبہ سے متعلق بہت ساری خامیوں کا تذکرہ کیا جا رہا ہے۔ ان خامیوں کو دور کرنے کے مشوروں کو لے کر الگ الگ اخبارات نے اپنی رپورٹس شائع کی ہیں۔ ان میں کچھ اہم باتیں نکل کر سامنے آئی ہیں، مثلاً اگنی ویر کی مدت کار کو 4 سال سے بڑھا کر 7 سال کیا جائے گا۔ 25 فیصد کی جگہ 70-60 فیصد اگنی ویروں کو ریٹین کیا جائے گا۔ اگنی ویروں کی تربیت کے وتق کو 24 ہفتے سے بڑھا کر 37 سے 42 ہفتہ کیا جائے گا۔ ان مجوزہ اقدام پر مبینہ طور پر غور و خوض ہو رہا ہے۔


ہڈا نے کہا کہ کانگریس ان مشوروں کو پوری طرح سے خارج کرتی ہے۔ اگنی پتھ منصوبہ نہ ملک کے مفاد میں ہے، نہ ملک کی فوج کے مفاد میں، اور نہ ہی ملک کے نوجوانوں کے مفاد میں۔ کانگریس شروع سے ہی مطالبہ کر رہی ہے کہ اس منصوبہ کو پوری طرح سے ختم کر فوج میں ایک بار پھر مستقل بھرتیاں شروع کی جائیں۔ مرکزی حکومت اس منصوبہ کی خامیوں کو قبول کر اپنی غلطی مانے اور اس منصوبہ کو پوری طرح سے واپس لے۔ 2022 میں اگنی پتھ منصوبہ نافذ ہونے سے پہلے ہونے والی مستقل تقرری کو دوبارہ سے شروع کرے۔

کانگریس رکن پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ انتخابی نتائج بھی یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ملک کی عوام نے اس منصوبہ کو خارج کر دیا ہے۔ یہ منصوبہ ملک کی فوج کے لیے بہت خطرناک ثابت ہوئی ہے۔ فوج کی داخلی رپورٹ میں سامنے آیا ہے کہ اگنی پتھ منصوبہ سے فوج کا حوصلہ، آپسی بھائی چارہ اور ایک دوسرے کے لیے مر مٹنے کے جذبہ میں گراوٹ آئی ہے۔ اگنی ویروں کو ملنے والی تربیت کا وقت بھی مناسب نہیں ہے۔ اگنی ویر سے فوجی بھرتی میں کمی آئی ہے جس سے 2035 تک فوج میں زبردست شارٹ فال دیکھنے کو ملے گا۔


ہڈا کا کہنا ہے کہ اگنی پتھ منصوبہ کا نہ تو فوج نے مطالبہ کیا اور نہ ہی سماج کے کسی طبقہ نے اس کی مانگ رکھی۔ حکومت یہ ظاہر کرے کہ اس منصوبہ کا مشورہ کہاں سے آیا تھا۔ یہ منصوبہ کس کے کہنے پر لایا گیا تھا۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ پارلیمنٹ اجلاس کے دوران پورا انڈیا بلاک یکجہتی کے ساتھ اس اگنی پتھ منصوبہ کے خلاف لڑائی لڑے گا اور اگنی پتھ منصوبہ کو واپس کرا کر ہی دم لے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔