’یہ بے حد مشکل فیصلہ تھا‘، راہل گاندھی نے وائناڈ سیٹ چھوڑنے کا کیا اعلان، اب وہاں سے پرینکا گاندھی لڑیں گی الیکشن

راہل گاندھی نے کہا کہ رائے بریلی اور وائناڈ کی عوام سے میرا دلی رشتہ ہے، میرے لیے فیصلہ کرنا بے حد ہی مشکل تھا، پرینکا گاندھی اب وائناڈ سے انتخاب لڑیں گی لیکن میں بھی وہاں پر جاتا رہوں گا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے، تصویر ویڈیو گریب</p></div>

راہل گاندھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے، تصویر ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا انتخاب 2024 میں وائناڈ اور رائے بریلی دونوں پارلیمانی حلقوں سے جیت حاصل کرنے والے راہل گاندھی نے وائناڈ سیٹ چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انھوں نے آج میڈیا کے سامنے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ انتہائی مشکل تھا، لیکن اب پرینکا گاندھی وائناڈ پارلیمانی حلقہ سے انتخابی میدان میں اتریں گی۔

راہل گاندھی نے وائناڈ سے اپنے جذباتی لگاؤ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’رائے بریلی اور وائناڈ کی عوام سے میرا دلی رشتہ ہے۔ میرے لیے فیصلہ کرنا بے حد ہی مشکل تھا۔ پرینکا گاندھی اب وائناڈ سے انتخاب لڑیں گی، لیکن میں بھی وہاں پر جاتا رہوں گا۔ جو وعدے ہم نے وائناڈ کے لیے کیے تھے، ان کو ہم پورا کریں گے۔‘‘


اس موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، پرینکا گاندھی اور کے سی وینوگوپال بھی موجود تھے۔ سب سے پہلے راہل گاندھی کے وائناڈ سیٹ چھوڑنے اور پرینکا کے وہاں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کھڑگے نے میڈیا کے سامنے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’آج کی میٹنگ میں طے ہوا کہ کیرالہ کی وائناڈ سیٹ پر اب پرینکا گاندھی انتخاب لڑیں گے۔ رائے بریلی سیٹ کا گاندھی فیملی کے ساتھ بہت گہرا رشتہ رہا ہے۔ رائے بریلی کے لوگوں اور پارٹی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی رائے بریلی سیٹ سے ہی رکن پارلیمنٹ رہیں۔‘‘

دراصل اس پریس کانفرنس سے قبل کانگریس صدر کھڑگے کی دہلی واقع رہائش پر ایک میٹنگ ہوئی تھی جس میں راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، کے سی وینوگوپال کے علاوہ سونیا گاندھی بھی موجود تھیں۔ اس میٹنگ کے بعد ہی کانگریس لیڈران نے میڈیا کے سامنے وائناڈ سے متعلق پارٹی کے فیصلے کو سامنے رکھا گیا۔ کھڑگے نے کہا کہ ’’وائناڈ سیٹ پر بھی راہل گاندھی کو عوام کا پیار ملا ہے، لیکن قانون اس کی اجازت نہیں دیتا ہے کہ دو سیٹیں رکھی جائیں۔ اس وجہ سے وائناڈ سیٹ سے راہل گاندھی استعفیٰ دیں گے اور رائے بریلی سیٹ سے پارلیمنٹ جائیں گے۔‘‘


کانگریس صدر کھڑگے اور راہل گاندھی کے ذریعہ میڈیا کو خطاب کیے جانے کے بعد پرینکا گاندھی نے بھی اپنی بات سبھی کے سامنے رکھی۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں وائناڈ سے نمائندگی کرنے کے لیے تیار ہوں، اور میں بہت خوش ہوں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ میں وائناڈ کے لوگوں کو راہل گاندھی کی کمی محسوس نہیں ہونے دوں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔