آزادی کی 75ویں سالگرہ کو ’امرت مہوتسو‘ کی شکل میں منایا جائے گا، افتتاحی پروگرام کل
’آزادی کا امرت مہوتسو‘ جمعہ سے شروع ہو رہا ہے جس کے تحت ملک کے گوشے گوشے میں 164 پروگرام ہوں گے۔ اہم پروگرام احمدآباد کے سابرمتی آشرم میں ہوگا جس میں وزیراعظم نریندرمودی شریک ہوں گے۔
نئی دہلی: ملک کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ جمعہ سے شروع ہو رہا ہے جس میں گجرات میں 92 پروگراموں سمیت ملک کے گوشے گوشے میں 164 پروگرام ہوں گے اہم پروگرام احمدآباد کے سابرمتی آشرم میں ہوگا جس میں وزیراعظم نریندرمودی شریک ہوں گے مرکزی وزیر ثقافت پرہلاد سنگھ پٹیل نے آج یہاں پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ پرہلاد سنگھ پٹیل کل سابرمتی آشرم سے ناڈیاڈ تک 75 کلومیٹر کی پد یاترا کریں گے جو چار روز بعد 16 مارچ کو مکمل ہوگی۔
پرہلاد سنگھ پٹیل نے بتایا کہ پی ایم مودی سابرمتی آشرم میں منعقدہ اہم پروگرام میں انڈیا ایٹ 75 کا علامتی نشان اور ویب سائٹ جاری کریں گے۔ وہ ووکل فار لوکل کے لئے چرخا مہم، آتم نربھر انکیوبیٹر کا افتتاح کرنے کے بعد پدیاترا کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے۔ اس میں 81 نوجوانوں کا ایک قافلہ سابرمتی سے ڈانڈی تک جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزارت ثقافت، ہندوستان کے محکمہ آثار قدیمہ سروے، ریجنل کلچرل سنٹر اینڈ ٹرائفڈ ملک کی 36 ریاستوں اور مرکز کے زیراہتمام علاقوں کے 164 مقامات پر انڈیا ایٹ 75 کے مختلف پروگراموں کا انعقاد کرے گا۔ اس کے علاوہ 20 مقامات پر خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان پروگرام کا اہم انعقاد دہلی، شملہ، سیوان، پٹنہ، نیل گنج (مغربی بنگال)، جھانسی، لکھنئو، سارناتھ، جبل پور، پونے، دیگ محل راجستھان، پوربندر، گوا، ویلور تمل ناڈو، تروپتی، سنکرم آندھراپردیش، ہمپی کرناٹک اور تریچور کیرالا، اروناچل پردیش میں پاسی گھاٹ، بارامولا اور سانبا (جمووکشمیر)، کارگل اور لیہ (لداخ)، گنگٹوک وغیرہ میں کیا جائے گا۔ پرہلاد سنگھ پٹیل نے بتایا کہ اس پورے پروگرام کا خاکہ 20 ہفتے کی سخت محنت کے بعد تیار کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مہاتماگاندھی نے 12 مارچ 1930 کو تاریخی ڈانڈی یاترا شروع کی تھی جو 6 اپریل 1930 کو مکمل ہوئی تھی۔ یہ بھی اتفاق ہے کہ 15 اگست 2022 کو آزادی کے 75 سال مکمل ہونے کے پہلے 75 ہفتے کی مدت 12 مارچ سے شروع ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔