دہلی میں آوارہ کتوں کی دہشت، بچی کو 150 میٹر تک گھسیٹا، نوچ نوچ کر مار ڈالا

یہ دہشت ناک واقعہ تغلق لین کے دھوبی گھاٹ علاقے کا ہے۔ بچی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں کچھ لوگ آوارہ کتوں کو کھلاتے ہیں، ان کے سخت کارروائی ہونی چاہئے۔

<div class="paragraphs"><p>آوارہ کتوں کی علامتی تصویر /  سوشل میڈیا</p></div>

آوارہ کتوں کی علامتی تصویر / سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

قومی راجدھانی دہلی میں آوارہ کتوں کی دہشت کا ایک دلدوز واقعہ سامنے آیا ہے جس میں آوارہ کتوں کے ایک جھنڈ نے ایک 2 سالہ بچی کو 150 میٹر تک گھسیٹا اور پھر اسے نوچ نوچ کر مار ڈالا۔ یہ واقعہ ہفتہ کی شام 6 بجے کے قریب تغلق لین کے دھوبی گھاٹ کے علاقے میں پیش آیا ہے۔

نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی خبر کے مطابق دہلی پولیس نے بتایا کہ بچی اپنے گھر کے باہر بیٹھی تھی کہ چار سے پانچ کتوں نے اس پر حملہ کردیا، اسے کئی میٹر تک گھسیٹا اور پھر مار ڈالا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جانچ کے بعد بچی کی لاش کو اس کے اہلِ خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ ’’یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ جانوروں کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور پایا کہ اس علاقے میں کتوں کی ویکسینیشن اور نس بندی کی جاتی ہے۔ پولیس کی تفتیش سے معاملات مزید واضح ہو جائیں گے۔‘‘


بچی کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ کچھ لوگ علاقے کے قریب آوارہ کتوں کو کھانا کھلاتے ہیں۔ انہوں نے ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ بچی کے چچا روی نے بتایا کہ شام 6 بجے کے قریب چار سے پانچ آوارہ کتوں نے اچانک ہماری بچی پر حملہ کر دیا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ علاقے میں آوارہ کتوں کا یہ پہلا حملہ نہیں ہے۔ روی نے کہا کہ ان کتوں نے گھروں کے باہر کھیلنے والے دوسرے بچوں، بلیوں اور مرغیوں پر بھی حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام سے بارہا شکایت کی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ہم غریب لوگ ہیں۔ جب ہم نے ان کتوں کو کھانا کھلانے والوں کو  روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے ہمیں پولیس میں شکایت کرنے کی دھمکی دی۔

روی نے دعویٰ کیا کہ مقامی لوگوں نے پولیس سے ان لوگوں کی شکایت بھی کی لیکن پولیس نے بھی کوئی کارروائی نہیں کی۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ اس واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی ایک ٹیم اور فارنسک ماہرین کو موقع پر بھیجا گیا۔ بچی کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی دہلی میں کتوں کے حملے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ 29 جنوری کو روہنی کے سیکٹر-25 علاقے میں ایک 7 سالہ بچی پر مبینہ طور پر ایک امریکین بلی حملہ کر دیا تھا، جس میں بچی کو 15 سے زائد زخم آئے تھے۔ 22 جنوری کو ایک اور واقعہ میں شمال مشرقی دہلی کے وشواس نگر میں ایک 2 سالہ بچی پر پالتو کتے نے مبینہ طور پر حملہ کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔