تلنگانہ: کورونا وائرس پر بچی کا معصومانہ سوال، وزیر ’کے ٹی آر‘ لاجواب!
وزیر موصوف اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد لاجواب ہوگئے تاہم انہوں نے اتنا ضرورکہا ”آپ کا سوال دنیا کے ہر فرد کے ذہن میں ہے میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ کاش میرے پاس اس کا سیدھا جواب ہوتا“۔
حیدرآباد: کورونا وائرس کی وبا نے آج دنیا کو پریشان کیا ہوا ہے اور دنیا کے بیشتر ممالک میں لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ ایسے حالات میں بچوں کو بھی گھر پر ہی رہنا پڑ رہا اور وہ اب اکتا رہے ہیں۔ باہر کھیلنے جانے اور اپنی سہیلیوں سے ملاقات سے محروم ایک ایسی ہی بچی تلنگانہ کے وزیر کے ٹی آر (کے تارک راما راؤ) سے ایسا سوال کر ڈالا کہ وہ لاجواب ہو کر رہ گئے۔
بچی کے سوال کے جواب میں وزیر بس اتنا ہی کہہ پائے کہ کاش میرے پاس اس سوال کا کوئی سیدھا جواب ہوتا! یہ دلچسپ جواب تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تارک راما راؤ نے ٹوئیٹر کے ذریعے اس وقت دیا جب ایک ننھی بچی نے ان سے کورونا کے متعلق سوال کیا تھا۔
ننھی لڑکی نے وزیر کے تارک راما راؤ سے یہ معصوم سا سوال کیا تھا کہ آخر کورونا وائرس کب جائے گا؟ یہ سوال سوریہ نرسمہا نامی ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعے تلنگانہ کے وزیر کو ایک مختصر 21 سکنڈ کی ویڈیو کے ذریعے کیا گیا تھا۔ اس ویڈیو کے ساتھ کیے گئے ٹوئٹ میں لڑکی کے ماموں نے وزیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’سر، میری پانچ سال کی بھانجی چیترا میرے جوابات سے مطمئن نہیں ہے، لہذا وہ آپ سے کچھ پوچھنا چاہتی ہے۔‘‘
سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو جانے والی اس ویڈیو میں بچی وزیر موصوف سے انگریزی میں سوال کرتے ہوئے کہہ رہی ہے کہ وہ گھر سے باہر جانا چاہتی ہے۔ اپنی سہیلیوں سے ملاقات کرنا چاہتی ہے۔ اسکول، مالز جانا چاہتی ہے۔ کول ڈرنکس پینا چاہتی ہے۔ فلم دیکھنا چاہتی ہے۔ آخر یہ کورونا وائرس کب جائے گا؟
یہ بھی پڑھیں : یوگی حکومت نے واپس لیا 12 گھنٹے کام کا ظالمانہ نوٹیفکیشن
وزیر موصوف اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد لاجواب ہوگئے تاہم انہوں نے اتنا ضرورکہا ”آپ کا سوال دنیا کے ہر فرد کے ذہن میں ہے میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ کاش میرے پاس اس کا سیدھا جواب ہوتا“۔ واضح رہے کہ تارک راما راؤ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ کے فرزند ہیں اور حکمران جماعت ٹی آر ایس کے کارگزار صدر بھی ہیں۔ تارک راما راؤن سوشیل میڈیا پر کافی سرگرم رہتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 16 May 2020, 2:40 PM