تبلیغی جماعت اراکین پر شیوراج حکومت کی کارروائی، 35 کو جیل، 36 زیر حراست

تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے جن 35 لوگوں کو جیل بھیجا گیا ہے ان میں سے 30 بیرون ممالک سے ہندوستان آئے ہیں جب کہ 5 کا تعلق ہندوستان سے ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے کئی لوگ اب تک ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں پھنسے ہوئے ہیں اور جگہ جگہ کوارنٹائن سنٹر میں انھیں الگ تھلگ کر کے رکھا گیا ہے۔ ان میں کئی بیرون ممالک سے تعلق رکھنے والے بھی ہیں جو جلد از جلد اپنے ملک جانا چاہتے ہیں لیکن اجازت نہیں مل رہی۔ اس درمیان مدھیہ پردیش کی شیوراج حکومت تبلیغی جماعت اراکین کے خلاف سخت رخ اختیار کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بھوپال میں پولس نے تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے 71 لوگوں کو گرفتار کیا ہے جن میں بیشتر بیرون ملکی ہیں۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ جن 71 تبلیغی جماعت اراکین کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں سے 35 کو جیل بھیجا گیا ہے جب کہ 36 کو حراست میں رکھا گیا ہے۔ جیل بھیجے گئے 35 لوگوں میں سے 30 بیرون ممالک سے تعلق رکھتے ہیں جب کہ 5 ہندوستانی ہیں۔ ان سبھی پر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی سمیت دیگر کئی معاملے شہر کے الگ الگ تھانہ علاقوں میں درج کیے گئے ہیں۔ جب مقامی عدالت میں انھیں پیش کیا گیا تو جج نے اپنے چیمبر سے نکل کر عدالت کے باہری کمپاؤنڈ میں سماعت کی۔


موصولہ اطلاعات کے مطابق صرف تبلیغی جماعت اراکین کے خلاف ہی شیوراج حکومت کارروائی نہیں کر رہی ہے بلکہ ان کی مدد کرنے والے لوگوں کے خلاف بھی معاملے درج کیے گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعرات کو پولس نے الگ الگ تھانوں میں 64 بیرون ملکی جماعتی اور 10 ہندوستانی جماعتی کے ساتھ ان کی مدد کرنے والے 13 لوگوں کے خلاف کیس درج کیا تھا۔ حکومتی احکامات اور ویزا کی خلاف ورزی کرنے کے ساتھ دفعہ 188، 269، 270، تعزیرات ہند کی دفعہ 51، قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کی دفعہ 13، 14 اور فورنر ایکٹ 1964 کے تحت یہ کیس درج کیے گئے۔ یہ معاملے شہر کے عیش باغ، منگلوارا، شیاملا ہلس، پپلانی اور تلیا تھانہ علاقہ کے ہیں۔ بیرون ممالک سے آئے ان تبلیغی جماعت اراکین پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ انھوں نے بھوپال پہنچنے پر مقامی پولس کو کوئی جانکاری نہیں دی تھی۔

کچھ ہندی نیوز پورٹل پر آ رہی خبروں کے مطابق بھوپال پولس نے تبلیغی جماعت کے اراکین، اس سے جڑے کچھ ہندوستانی اور دیگر لوگوں کو کوارنٹائن کیا ہے جنھوں نے بھوپال میں ان کے ٹھہرنے کا انتظام کیا تھا۔ بھوپال پولس نے بتایا کہ ان سبھی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 188، 269، 270، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کی دفعہ 13 اور فارنرس ایکٹ کی دفعہ 14 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 May 2020, 10:11 AM