تلنگانہ میں ایک کنواں بنا معمہ، اب تک 9 لاشیں برآمد، پولس حیران، لوگ خوفزدہ
تلنگانہ میں ایک کنوئیں سے 9 لوگوں کی لاشیں ملنے کے پیچھے کا راز گہراتا جا رہا ہے۔ ان میں سے 6 افراد ایک ہی فیملی کے رکن تھے۔ اتنی بڑی تعداد میں اس کنوئیں سے نکل رہی لاشوں کو دیکھ کر پولس بھی حیران ہے۔
تلنگانہ میں وارنگل کے سرحدی علاقے میں ایک کنواں لوگوں کے لیے معمہ بن گیا ہے۔ یہ کنواں ایک فیکٹری کے پاس ہے جہاں جمعرات سے اب تک کل 9 لاشیں برآمد ہو چکی ہیں۔ جمعرات کو کنوئیں سے 4 لاشیں برآمد ہوئیں تھیں اور پھر جمعہ کو اسی کنوئیں سے 5 مزید لاشیں برآمد ہوئیں۔ اتنی بڑی تعداد میں اس کنوئیں سے نکل رہی لاشوں کو دیکھ کر پولس حیران ہے۔ چونکہ ان لاشوں پر کسی طرح کے کوئی زخم نہیں ہیں، اس لیے لوگ بھی حیرت زدہ ہیں۔ یہ اموات کیسے ہوئیں، اس معمہ کا حل تلاش کرنے کی کوشش پولس کر رہی ہے۔
موصولہ خبروں کے مطابق برآمد لاشوں میں ایک بچے اور ایک خاتون کی بھی لاش شامل ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کنوئیں سے مزید لاشیں نکل سکتی ہیں۔ مقامی لوگ اس پورے واقعہ سے خوف و دہشت میں ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ 55 سال کے مقصود اور 48 سال کی نشا مغربی بنگال کے رہنے والے تھے۔ کچھ سال قبل مزدوری کا کام کرنے کے لیے تلنگانہ پہنچے تھے۔ یہاں مزدوری کر وہ اپنا گزارا کر رہے تھے۔ ان کی ایک بیٹی بشرہ خاتون، دو بیٹے صاباد عالم اور سہیل عالم تھے۔ بشرہ کی شادی ہو گئی تھی لیکن وہ اپنے بیٹے کو لے کر والدین کے ساتھ رہتی تھی۔ اس فیملی کے سبھی 6 لوگوں کی لاشیں کنوئیں میں ملی میں۔ اس کے علاوہ 3 دیگر لوگوں کی لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
پولس نے بتایا کہ سبھی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ایم جی ایم اسپتال بھیجا گیا ہے۔ کیس درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ مہاجر مزدوروں سے جڑے سبھی لوگوں کو پوچھ تاچھ کے لیے بلایا گیا ہے۔ مقامی لوگوں سے بھی پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔