تلنگانہ: سنگاریڈی واقع کارخانہ میں آتشزدگی اور دھماکہ، 4 افراد ہلاک، کچھ لوگوں کی حالت سنگین
ایک سینئر پولیس افسر کا کہنا ہے کہ فارما کمپنی میں ریکٹر پھٹ گیا جس کی زد میں آس پاس موجود لوگ آ گئے، اب تک 4 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور 10 سے 15 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
تلنگانہ کے سنگاریڈی واقع ایک کارخانہ میں آگ لگنے اور اس کے بعد دھماکہ سے علاقہ میں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا۔ اس حادثہ میں چار افراد کی موت ہو گئی اور 10 سے زائد لوگ سنگین طور پر زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز سنگاریڈی ضلع میں ایک دوا کارخانہ کے ریکٹر میں دھماکہ ہوا جس کی زد میں آنے سے کچھ لوگوں کی موت ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ شام تقریباً 5 بجے ہوا تھا جس کے بعد فیکٹری میں آگ لگ گئی۔ ایک سینئر پولیس افسر نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ فارما کمپنی میں ریکٹر پھٹ گیا تھا جس سے آس پاس موجود لوگ زد میں آ گئے۔ دھماکہ کی وجہ سے وہاں موجود کچھ لوگ دور جا گرے۔ اب تک 4 افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے اور 10 سے 15 افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ انھیں اسپتال لے جایا گیا ہے اور ضروری علاج شروع ہو چکا ہے۔
اس حادثہ پر تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے افسوس کا اظہار کیا ہے اور معاملے کا جائزہ لیا ہے۔ افسران نے وزیر اعلیٰ کو مطلع کیا کہ آگ ریکٹر پھٹنے سے لگی ہے۔ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے فائر بریگیڈ محکمہ کے افسران کو فوراً بچاؤ کاری کا عمل تیز کرنے اور آگ پر قابو پانے کی ہدایت دی۔ انھوں نے ضلع افسران کو حادثہ میں زخمی ہوئے لوگوں کو بہتر علاج مہیا کرانے کی ہدایت بھی دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔