تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ نے حکومت کے چار مشیروں کا تقرر کیا، محمد علی شبیر فلاح و بہبود کے مشیر مقرر
محمد علی شبیر کو فلاح و بہبود، ویم نریندر ریڈی کو پبلک افیئر اور ہرکارہ وینوگوپال راؤ کو پروٹوکول کا مشیر جبکہ مَلّو روی کو نئی دہلی میں خصوصی نمائندہ مقر کیا گیا ہے
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے اپنے 4 قریبی لیڈروں کو ریاستی حکومت کا مشیر مقرر کیا ہے۔ سابق وزیر محمد علی شبیر، تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) کے سینئر نائب صدر مَلّو روی، سابق ایم ایل اے ویم نریندر ریڈی اور پارٹی کے ایک دیگر لیڈر ہرکارہ وینو گوپال راؤ کو یہ ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کیا ہندوستان عملاً ایک ہندو ملک بن چکا ہے؟
سینئر لیڈر محمد علی شبیر کو ایس سی، ایس ٹی، او بی سی اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ انہیں ریاستی وزیر کا عہدہ اور درجہ حاصل ہوگا۔ محمد علی شبیر نے متحدہ آندھرا پردیش میں وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی قیادت والی کانگریس کی حکومت میں وزیر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ تاہم، وہ نظام آباد شہری اسمبلی حلقہ سے انتخاب ہار گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم مودی کی زبان پر آیا منی پور کا نام!
علاوہ ازیں، مَلّو روی کو نئی دہلی میں ریاستی حکومت کا خصوصی نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔ وہ متحدہ آندھرا پردیش میں وائی ایس آر حکومت میں اسی عہدے پر کام کر چکے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ مَلّو بھٹّی وکرمارک کے بھائی مَلّو روی وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے قریبی ہیں نگر کرنول سے سابق ایم پی مَلّو روی کو ریاستی وزیر کا درجہ ملے گا۔
وہیں، ریونت ریڈی کے ایک اور قریبی لیڈر ویم نریندر ریڈی کو پبلک افیئر میں وزیر اعلیٰ کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ جب وہ تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) میں تھے اس وقت سے ریونت ریڈی اور ان کے درمیان بہتر تعلقات ہیں۔ تلنگانہ کانگریس کے پروٹوکول انچارج ہرکارہ وینو گوپال راؤ کو پروٹوکول اور عوامی رابطہ کے لیے حکومت کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔