بحران میں مبتلا سری لنکائی باشندوں کی ہندوستان میں دراندازی کا اندیشہ، تمل ناڈو پولیس الرٹ
ہمبن ٹوٹا جیل سے فرار 50 قیدیوں کے سمندری راستے سے ہندوستان آنے کے امکانات پر تمل ناڈو پولیس الرٹ پر ہے، ریاست کے محکمہ داخلہ نے ساحلی پولیس کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔
سیاسی اور معاشی بحران میں مبتلا سری لنکا میں ہر طرف تشدد کا ماحول ہے۔ وہاں کے کئی شہریوں کے ذریعہ ہندوستان میں دراندازی کے اندیشے ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ اسے روکنے کے لیے تمل ناڈو کی ساحلی پولیس ہائی الرٹ پر ہے۔ اس معاملے میں تمل ناڈو کے محکمہ داخلہ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ہندوستان میں سری لنکائی لوگوں کے آنے کے امکانات کو لے کر ریاست لگاتار مرکزی وزیر داخلہ کے رابطے میں ہے۔
ہمبن ٹوٹا جیل سے فرار ہوئے 50 قیدیوں کے سمندر کے راستے ہندوستان آنے کے امکانات پر بھی پولیس الرٹ پر ہے۔ ریاست کے محکمہ داخلہ نے تمل ناڈو کے ساحلی پولیس کو دھنش کوڈی، رامیشورم اور ریاست کے دیگر ساحلی علاقوں میں گرام سمیتیوں کو قیدیوں کی موجودگی کے بارے میں پولیس کو مطلع کرنے کے ساتھ انھیں الرٹ رہنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
حالانکہ پولیس ہیڈکوارٹر میں واقع ایک سینئر افسر کے مطابق پولیس اس امکان کا بھی پتہ لگا رہی ہے کہ کہیں لٹّے کے کیڈر اس موقع کا استعمال کر کے ہندوستان میں گھسنے کی کوشش تو نہیں کر رہے ہیں۔ کچھ لوگوں کو اکتوبر 2021 میں گرفتار کیا گیا تھا، جب انھوں نے ممبئی میں لٹّے کے حامیوں کے ایک غیر فعال اکاؤنٹ سے پیسے نکالنے کی کوشش کی تھی اور پوچھ تاچھ کرنے پر پولیس کو مطلع کیا تھا کہ وہ لٹّے کے انتظام و انصرام کے لیے دولت جمع کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : اعظم خان کی بیوی اور بیٹے کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری
تمل ناڈو کے محکمہ داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ ریاستی پولیس کا ساحلی سیکورٹی گروپ ہندوستانی آبی سرحد سے سری لنکائی شہریوں کے ہندوستان میں آنے کو لے کر ساحلی فورس اور ہندوستانی بحریہ کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ ریاست کے محکمہ داخلہ نے تمل ناڈو کے ماہی گیروں کو بین الاقوامی سرحدی لائن کے پاس مچھلی پکڑنے کے دوران محتاط رہنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔