اعظم خان کی بیوی اور بیٹے کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری
عبداللہ اعظم اور ان کی ماں سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر تزئین فاطمہ کی حاضری سے متعلق معافی نامہ ان کے وکیل کے ذریعہ سے عدالت میں پیش کیا گیا، لیکن عدالت نے اسے مسترد کر دیا۔
اعظم خان کے بیٹے اور رکن اسمبلی عبداللہ اعظم کے دو برتھ سرٹیفکیٹ سے متعلق معاملے کی سماعت بدھ کے روز ایم پی-ایم ایل اے کورٹ (مجسٹریٹ ٹرائل) میں ہوئی۔ اس دوران عبداللہ اعظم اور ان کی ماں ڈاکٹر تزئین فاطمہ کو عدالت میں پیش ہونا تھا، لیکن وہ نہیں پہنچے۔ اس وجہ سے عدالت نے دونوں کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کر دیا ہے۔ اب اس معاملے کی آئندہ سماعت 16 مئی کو ہوگی۔
واضح رہے کہ 2019 میں بی جے پی لیڈر آکاش سکسینہ نے گنج تھانے میں سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم کے خلاف دو برتھ سرٹیفکیٹ بنوانے کے الزام میں مقدمہ درج کرایا تھا۔ اس معاملے میں سماجوادی پارٹی کے قدآور لیڈر اعظم خاں، ان کے بیٹے عبداللہ اعظم، ان کی بیوی تزئین فاطمہ ملزم ہیں۔ تینوں کی ہی اس معاملے ضمانت عدالت کے ذریعہ منظور کی جا چکی ہے۔
اس معاملے کی سماعت ایم پی-ایم ایل اے کورٹ میں 10 مئی کو شروع ہوئی، لیکن گواہ اسکول پرنسپل کے بیمار ہونے کے سبب عدالت نے بدھ یعنی 11 مئی کی تاریخ لگا دی تھی۔ بدھ کو اس معاملے کی عدالت میں سماعت ہوئی، جس میں اسکول کے پرنسپل بھی حاضر ہوئے تھے۔ اس معاملے میں ملزم بنائے گئے عبداللہ اعظم اور ان کی ماں سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر تزئین فاطمہ کی حاضری سے متعلق معافی نامہ ان کے وکیل کے ذریعہ سے عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے اس معافی نامہ کو خارج کرتے ہوئے عبداللہ اعظم اور ڈاکٹر تزئین فاطمہ کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرنے کا حکم صادر کر دیا۔ اب اس معاملے کی آئندہ سماعت 16 مئی کو ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔