سوامی اویمکتیشورانند نے کیدارناتھ دھام سے 228 کلو سونا غائب ہونے کا کیا تھا دعویٰ، اب کیدارناتھ کمیٹی نے دیا چیلنج

کیدارناتھ کمیٹی کے سربراہ اجیندر اجے کا کہنا ہے کہ ایک سَنت کی شکل میں سوامی اویمکتیشورانند جی کا احترام کرتا ہوں، لیکن انھیں سرخیوں میں بنے رہنے کی عادت ہے، انھیں سونا غائب ہونے کا ثبوت دینا چاہیے۔

سوامی اویمکتیشورانند، تصویر آئی اے این ایس
سوامی اویمکتیشورانند، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

کیدارناتھ دھام سے 228 کلو سونا غائب ہونے کی خبر جیوترمٹھ کے شنکراچاریہ سوامی اویمکتیشورانند نے گزشتہ دنوں دی تھی۔ حالانکہ اس سلسلے میں ابھی تک کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ہے۔ سوامی اویمکتیشورانند کے ذریعہ سونا غائب ہونے کا دعویٰ کیے جانے کے بعد ایک ہلچل پیدا ہو گئی اور اس معاملے میں شبہات کا اظہار بھی کیا جانے لگا۔ اب کیدارناتھ دھام کمیٹی کی طرف سے سوامی اویمکتیشورانند کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ کیدارھ ناتھ کمیٹی کے سربراہ اجیندر اجئے کا کہنا ہے کہ شنکراچاریہ نے محض سنسنی پھیلانے کے لیے یہ بیان دیا ہے اور اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ سپریم کورٹ جائیں۔

بدریناتھ-کیدارناتھ مندر کمیٹی کے سربراہ اجیندر اجئے نے شنکراچاریہ سوامی اویمکتیشورانند پر سنسنی پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’ان کی عادت ہے کہ روزانہ پریس کانفرنس کریں اور الزام لگائیں۔ انھیں سرخیوں میں رہنے کی عادت پڑ گئی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’میں ایک سَنت کی شکل میں سوامی اویمکتیشورانند جی کا احترام کرتا ہوں۔ وہ صبح سے شام تک پریس کانفرنس کرتے ہیں، اتنی تو لیڈر بھی نہیں کرتے۔ میں سوامی اویمکتیشورانند سے گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ وہ کیدارناتھ کو لے کر لگائے گئے الزامات پر ثبوت پیش کریں۔ اس کے بعد وہ اتھارٹی کا رخ کریں اور جانچ کا مطالبہ کریں۔ اگر انھیں کسی اتھارٹی پر بھروسہ نہیں ہے تو پھر ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ جائیں۔ ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے تو پھر کیدارناتھ دھام کا نام خراب کرنے کی انھیں اجازت نہیں ہے۔‘‘


اجیندر اجئے نے سوامی اویمکتیشورانند کے الزامات پر مندر کمیٹی کا نظریہ سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ ’’کیدارناتھ دھام میں جس سونے کا استعمال ہوا ہے، اس سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ یہ کام ممبئی کے ایک عطیہ دہندہ نے کیا ہے۔ انھوں نے ملک کے کئی مندروں میں یہ کام کرایا ہے۔ ممبئی کے سدھی ونایک، کاشی وشوناتھ مندر سمیت کئی مندروں میں اس عطیہ دہندہ نے ایسا کام کرایا ہے۔ کیدارناتھ دھام میں جو کام ہوا ہے اس سے مندر کمیٹی اور حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔ اس طرح کے الزامات سے ملک کے ان عطیہ دہندگان کو ٹھیس پہنچتی ہے جو عقیدہ رکھتے ہیں۔‘‘

اجیندر اجئے نے سونا غائب ہونے کے الزام اور کیدارناتھ میں ہوئے کام کے تعلق سے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں صاف کرنا چاہوں گا کہ کیدارناتھ دھام میں جو سونا لگا ہے وہ 23 کلو کے قریب ہے۔ اس سے قبل یہاں چاندی کی پلیٹیں تھیں۔ ان کا وزن 230 کلوگرام تھا۔ تب میڈیا کے کچھ لوگوں نے اندازہ لگایا کہ 230 کلو چاندی کی جگہ اتنا ہی سونا آیا ہوگا لیکن کم لگایا گیا ہے۔ اس سے غلط فہمی پیدا ہوئی۔ لیکن سونے کے ساتھ ایسا نہیں ہوتا ہے۔ سونے کی سطح چڑھائی جاتی ہے۔ 1000 کلو تانبا لگا ہے اور اس کے اوپر 23 کلو سونا چڑھایا گیا ہے۔ ’سورن مندر‘ سمیت تمام مقامات پر یہی تکنیک استعمال کیا جاتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔