راہل گاندھی پر رونیت بٹو کے بیان سے کانگریس برہم، کہا آستین کا سانپ
بٹو کو نشانہ بناتے ہوئے کانگریس ترجمان سپریہ شرینیت نے کہا کہ وہ، جنہوں نے راہل کے پیچھے چل کر اپنا پورا سیاسی کیریئر بنایا، وہ اپنے مخالفین کی گود میں بیٹھ کر اقتدار کے لالچ میں سستے بیان دے رہے ہیں۔
مرکزی وزیر رونیت بٹو نے سنیچر کو اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی پر ایک متنازعہ بیان دیا تھا۔ بٹو نے راہل گاندھی کو ملک کا دہشت گرد نمبر ایک کہا تھا ۔ بٹو کے اس بیان پر کانگریس برہم ہے۔ کانگریس ترجمان سپریہ شرینیت نے کہا کہ’ صحیفوں میں آپ جیسے لوگوں کو ہی آستین کا سانپ کہا گیا ہے۔‘
سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بٹو کو نشانہ بناتے ہوئے سپریہ شرینیت نے لکھا، جس نے راہل گاندھی کے پیچھے چل کر اپنا پورا سیاسی کریئر بنا یا ہے، وہ اپنے مخالفین کی گود میں بیٹھ کر اقتدار کے لالچ میں سستے بیان دے رہے ہیں۔ رونیت بٹو کے بارے میں سچ معلوم ہونا چاہیے۔ صحیفوں میں آپ جیسے لوگوں کو ہی آستین کا سانپ کہا گیا ہے۔
بھاگلپور پہنچے مرکزی وزیر رونیت بٹو نے راہل گاندھی پر متنازعہ بیان دیا تھا ۔ انہوں نے کہا تھا کہ راہل گاندھی ملک کے نمبر ایک دہشت گرد ہیں، ملک کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ ملک کی ایجنسیوں کو راہل گاندھی پر نظر رکھنی چاہیے۔ جب بٹو سے اس بیان کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی جب کسی مذہب کو توڑنے کی بات کریں گے تو ہم کیا بتائیں گے۔
کانگریس لیڈر پرتاپ باجوہ نے بھی جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ بٹو مکمل طور پر دماغ کھو چکے ہیں اور شاید ان کے لیے کسی ماہر نفسیات کی مدد لینا درست ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔