کرناٹک حجاب تنازعہ: سپریم کورٹ کا فوری سماعت سے انکار، کہا- ’پہلے ہائی کورٹ کو سماعت کرنے دیں‘

سپریم کورٹ نے حجاب تنازعہ سے متعلق عرضیوں کو کرناٹک ہائی کورٹ سے سپریم کورٹ میں منتقل کرنے والی عرضی کو فوری طور پر سماعت کے لئے درج کرنے سے انکار کر دیا۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کرناٹک میں اسکولوں کے اندر حجاب پہننے پر پابندی اور اس کے بعد لگاتار چل رہے مظاہروں کے درمیان آج سپریم کورٹ نے اس عرضی پر جلد سماعت کرنے سے انکار کر دیا، جس میں کرناٹک ہائی کورٹ میں داخل تمام عرضوں کو عدالت عظمیٰ میں منتقل کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

کرناٹک حجاب معاملہ کو چیف جسٹس آف انڈیا کے سامنے مینشن کرتے ہوئے سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے زور دیا تھا کہ وہ اس معاملے کی سماعت کریں۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ’’پہلے ہائی کورٹ کو اس معاملے پر فیصلہ کرنے دیں۔ ہمارے لیے اس وقت اس معاملہ میں مداخلت کرنا درست نہیں ہوگا۔‘‘


کپل سبل نے اپنی دلیل پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو سماعت کے لیے 9 ججوں کی بنچ کے پاس بھیجا جانا چاہیے۔ کپل سبل نے مزید کہا کہ آپ اس معاملے پر کوئی حکم نہیں دے سکتے تو کم از کم سماعت کے لیے اسے لسٹ ہی کر لیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ اگر ہم اس وقت اس معاملے کو سماعت کے لئے درج کرتے ہیں تو ہائی کورٹ اس معاملے کی سماعت نہیں کر پائے گا۔ کپل سبل نے مزید کہا کہ وہاں خواتین پر حملے ہو رہے ہیں، ان پر پتھر برسائے جا رہے ہیں۔ تاہم، چیف جسٹس نے کہا کہ پہلے ہائی کورٹ کو اس معاملے کی سماعت کرنے دیں، اس کے بعد ہم اس معاملے پر غور کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔