’دفعہ 370 ہٹانے پر مرکزی حکومت کی حمایت کی، اب اپوزیشن سے مدد مانگ رہے‘، کیجریوال پر عمر عبداللہ کا طنز

جب مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائی تھی تو اس وقت کئی اپوزیشن پارٹیوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی تھی لیکن کیجریوال اس کی حمایت میں کھڑے دکھائی دیئے تھے۔

جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ
جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ
user

قومی آواز بیورو

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال مرکزی حکومت کے ذریعہ لائے جانے والے ایک آرڈیننس پر اپوزیشن پارٹیوں سے لگاتار حمایت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کیجریوال کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ہفتہ کے روز انھوں نے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ ’’جب وادی سے دفعہ 370 ہٹائی گئی تو اروند کیجریوال کہاں تھے؟ وہ اس وقت حکومت کے ساتھ کھڑے تھے اور آج وہ آرڈیننس پر دیگر پارٹیوں سے حمایت مانگ رہے ہیں۔‘‘

دراصل کیجریوال دہلی میں مرکزی حکومت کے ذریعہ لائے گئے آرڈیننس کے خلاف حمایت حاصل کرنے کے لیے الگ الگ پارٹیوں کے سربراہوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں جب جموں و کشمیر راجوری میں میڈیا اہلکاروں نے عمر عبداللہ سے سوال کیا تو انھوں نے دفعہ 370 ہٹائے جانے کا معاملہ سامنے رکھ دیا۔ جب مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائی تھی تو اس وقت کئی اپوزیشن پارٹیوں نے اس کے خلاف آواز اٹھائی تھی لیکن کیجریوال اس کی حمایت میں کھڑے دکھائی دیئے تھے۔ اب جبکہ کیجریوال خود مشکل میں نظر آ رہے ہیں تو جمہوریت کو بچانے کے نام پر سبھی اپوزیشن پارٹیوں سے حمایت مانگ رہے ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ کیجریوال نے کانگریس سے بھی گزارش کی ہے کہ مرکز کی تاناشاہی کے خلاف عآپ حکومت کو حمایت دے۔ حالانکہ دہلی کانگریس نے اس معاملے میں کیجریوال کی حمایت نہ کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ کیجریوال کی حمایت نہ کرنے کے آئینی وجوہات بھی کانگریس نے پیش کیے ہیں۔ حالانکہ کیجریوال کو کئی پارٹیوں کے سربراہان نے حمایت دینے کا وعدہ کیا ہے۔ گزشتہ بدھ کے روز سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو سے بھی کیجریوال نے لکھنؤ میں ملاقات کی تھی جس کے بعد انھوں نے آرڈیننس کے خلاف حمایت کا وعدہ کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔