’پہلوانوں کا مسئلہ حل ہونے کے بعد ہی ایشین گیمز میں لیں گے حصہ‘، مہاپنچایت میں ساکشی ملک کا اعلان
پہلوان بجرنگ پونیا نے کہا کہ 15 جون تک برج بھوشن کی گرفتاری نہیں ہوئی تو 16 اور 17 جون کو دوبارہ سے دھرنا و مظاہرہ شروع کرنے کے لیے جگہ کا تعین کیا جائے گا۔
سونی پت میں اس وقت کھاپ پنچایتوں کی مہاپنچایت چل رہی ہے۔ اس مہاپنچایت میں برج بھوشن کے خلاف سراپا مظاہرہ بن چکے پہلوان شامل ہیں۔ ساکشی ملک، بجرنگ پونیا اور ونیش پھوگاٹ کے علاوہ ساکشی کے شوہر ستیہ ورَت کادیان اور ونیش پھوگاٹ کے شوہر سومویر راٹھی بھی موجود ہیں۔ ان سبھی نے مہاپنچایت میں عزم ظاہر کیا کہ برج بھوشن کے خلاف کارروائی ہونے تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
مہاپنچایت میں حصہ لینے پہنچی ساکشی ملک نے میڈیا سے اپنے آگے کے منصوبہ کے بارے میں بات کی۔ انھوں نے میڈیا سے کہا کہ ’’ہم ایشین گیمز میں تبھی کھیلیں گے جب یہ سارا مسئلہ پوری طرح حل ہو جائے گا۔ ہم ہر روز جس ذہنی تکلیف سے گزر رہے ہیں، اس کو آپ نہیں سمجھ سکتے۔‘‘ مہاپنچایت سے قبل بجرنگ پونیا نے بھی میڈیا سے بات کی اور کہا کہ ’’کھاپ پنچایتوں کے ساتھ ہماری میٹنگ ہے۔ اس میں حکومت کے ساتھ ہوئی بات چیت کی جانکاری کھاپ پنچایتوں کے نمائندوں کو دی جائے گی۔‘‘
جب کھاپ پنچایتوں کے ساتھ پہلوانوں کی مہاپنچایت شروع ہوئی تو پہلوان بجرنگ پونیا نے اعلان کیا کہ 15 جون تک برج بھوشن کی گرفتاری نہیں ہوئی تو 16 اور 17 جون کو دوبارہ سے دھرنا و مظاہرہ شروع کرنے کے لیے جگہ کا تعین کیا جائے گا۔ اس کے بعد پہلوانوں کی تحریک سے متعلق پالیسی تیار کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پہلوانوں کو بڑی تعداد میں کھاپ پنچایتوں کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔ اس لیے مظاہرین پہلوان اب حکومت سے ہوئی بات چیت کی مکمل جانکاری کھاپ پنچایتوں کے نمائندوں کو دے رہے ہیں۔ کھاپ پنچایتوں کے نمائندوں اور برادری کے چودھریوں کے ساتھ صلاح و مشورہ کے بعد ہی پہلوان آگے کے بارے میں کوئی فیصلہ لینا چاہتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔