صفدر جنگ میں زیر تعلیم میڈیکل طالبہ کی خودکشی، سوسائڈ نوٹ برآمد
پولیس کو متوفی کی ڈائری سے ایک سوسائڈ نوٹ برآمد ہوا ہے، جو ہاتھ سے تحریر شدہ ہے، ساتھ ہی ذہنی تناؤ کو کم کرنے والی ادویات کا خالی پیکٹ بھی برآمد ہوا ہے۔
نئی دہلی: راجدھانی دہلی کے صفدرجنگ اسپتال میں ایک میڈیکل کی طالبہ نے خود کشی کر لی۔ متوفی ایم بی بی ایس کے آخری سال کی طالبہ تھی۔ پولیس کے مطابق علی الصبح 3.30 بجے صفدرجنگ سے کال آئی، جس کے ذریعے اطلاع دی گئی کہ لڑکی نے خود کشی کر لی ہے۔
تفتیش کے بعد معلوم ہوا کہ خودکشی کرنے والی طالبہ ایم بی بی ایس کے آخری سال میں زیر تعلیم تھی اور اپریل 2022 سے صفدرجنگ اسپتال میں انٹرنشپ کر رہی تھی۔ وہ صفدرجنگ اسپتال میں موجود ہاسٹل میں ہی رہائش پذیر تھی۔
رپورٹ کے مطابق خاتون نے ہاسٹل کے کمرے میں ہی اپنے دوپٹے کے سہارے لٹک کر اپنی جان دے دی۔ کمرا اندر سے بند تھا اور اس کے دوست دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے۔ دوپٹے سے لٹکی طالبہ کو اتار کر فوری طور پر ایمرجنسی میں لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ موقع پر دہلی پولیس کی کرائم ٹیم کو بھی طلب کیا گیا۔
پولیس کو متوفی کی ڈائری سے ہاتھ سے لکھا ایک سوسائڈ نوٹ برآمد ہوا ہے۔ ساتھ ہی ذہنی تناؤ کو کم کرنے والی ادویات کے پیکٹ بھی برآمد ہوئے ہیں، جو کمرے میں رکھے ہوئے تھے۔ پولیس نے متوفی خاتون کے دوستوں اور واقف کاروں کے بیان درج کئے ہیں۔ تاحال کوئی ایسا زاویہ نظر نہیں آیا ہے جس کی بنیاد پر خودکشی کو قتل کی نظر سے دیکھا جا سکے۔ متوفی کے اہل خانہ بھی استپال پہنچ گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔