ملک میں اچانک مرنے والوں کی تعداد بڑھی، سب سے زیادہ اموات ہارٹ اٹیک سے: این سی آر بی
این سی آر بی رپورٹ کے مطابق 2022 میں اچانک ہونے والی اموات کی تعداد 56 ہزار 450 ہے، جبکہ 2021 میں یہ تعداد 50 ہزار 739 تھی، رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ 32 ہزار 457 اموات ہارٹ اٹیک سے ہوئی ہیں۔
نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کے ذریعہ جاری کی گئی ایک رپورٹ میں ایک حیران کرنے والی بات سامنے آئی ہے۔ رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ ملک میں اچانک ہوئی اموات کی تعداد میں 11.6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اس میں سب سے زیادہ اموات مہاراشٹر میں ہوئی ہیں۔ یہاں پر 2022 میں 19053 اموات اچانک ہوئی ہیں، جن میں 15779 مرد اور 3271 خواتین ہیں۔
این سی آر بی کی رپورٹ کے مطابق 2022 میں ملک میں اچانک ہونے والی اموات کی تعداد 56 ہزار 450 ہے، جبکہ 2021 میں یہ تعداد 50 ہزار 739 تھی۔ این سی آر بی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جو اچانک اموات 2022 میں ہوئی ہیں، ان میں سے 32 ہزار 457 اموات دل کا دورہ پڑنے یعنی ہارٹ اٹیک سے ہوئی ہیں۔ یہ تعداد سال 2021 میں ہارٹ اٹیک سے ہونے والی اموات 28 ہزار 413 سے تقریباً 13 فیصد زیادہ ہیں۔ دل کا دورہ پڑنے سے ہونے والی اموات میں 28 ہزار سے زیادہ مرد، تقریباً 4 ہزار خواتین اور 3 ٹرانسجنڈر ہیں۔
این سی آر بی کی رپورٹ میں یہ بھی جانکاری دی گئی ہے کہ اچانک ہوئیں اموات میں 23 ہزار 993 اموات ایسی ہیں جو کہ ہارٹ اٹیک سے تعلق نہیں رکھتیں۔ اگر 2021 کی بات کی جائے تو ایسی اموات کی تعداد تقریباً 20 ہزار تھیں۔ یعنی 2022 میں ہارٹ اٹیک کے علاوہ دیگر وجوہات سے اچانک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2021 کے مقابلے تقریباً 8 فیصد زیادہ ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔