مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی پر طلباء نے لگایا وقت ضائع کرنے کا الزام
جن طلباء نے فاصلاتی نظام کے تحت ایم اے اُردو تعلیمی سال 21-2019 میں داخلہ لیا تھا، ان کو اب تک نہ تو سال دوم کورس دیا گیا ہے اور نہ ہی ان کی کلاس شروع کی گئی ہیں۔
نئی دہلی: مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی میں جن طلباء نے فاصلاتی نظام کے تحت ایم اے اُردو تعلیمی سال 21-2019 میں داخلہ لیا تھا، ان کواب تک نہ تو سال دوم کا کورس دیا گیا ہے اور نہ ہی ان کی کلاس شروع کی گئی۔ اس تعلق سے طلبا و طالبات میں سخت ناراضگی دیکھی جا رہی ہے۔
اس بابت سال دوم کے طالب علم عمران سیفی نے قومی آواز کے نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نے مئی 2022 میں سال دوم کے امتحانات منعقد کرانے کے لیے کہا تھا، لیکن مارچ کا مہینہ ختم ہونے والا ہے پھر بھی ہمیں اب تک نہ تو کورس بھیجا گیا ہے اور نہ ہی ہماری کلاسز شروع کی گئی ہیں۔ ایسی صورت میں ہم سال دوم کے امتحانات کیسے دے پائیں گے۔
عمران سیفی نے بتایا کہ ہم نے یونیورسٹی سے ٹویٹ اور فون کال کر کے پوچھا کہ اب اسکول، کالج کھل گئے ہیں، ہمیں سال دوم کا کورس دیا جائے اور کلاسز شروع کی جائیں تاکہ ہم اچھی طرح سے تیاری کر پائیں۔ لیکن یونیورسٹی نے ہماری بات کو پوری طرح نظر انداز کر دیا اور ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی اتنی لاپرواہ ہے کہ ابھی تک اسائنمنٹ کا نوٹیفیکشن بھی جاری نہیں کیا ہے۔ تاہم جب ہمیں کوئی جواب نہیں ملا تو ہم نے یو جی سی اور صدر جمہوریہ ہند کو درخواست دی ہے کہ ہماری اس پریشانی کو دور کیا جائے اور ہمارا وقت مزید ضائع نہ کیا جائے۔ عالمی وباء کورونا وائر س کے سبب ہمارا ایک سال پہلے ہی خراب ہو چکا ہے۔
سال دوم کی طالبہ آفرین خان نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا آزاد یونیورسٹی نے ہمارا صرف اور صرف وقت ضائع کیا ہے اور شکایت کرنے کے باوجود ابھی تک ہمارے قیمتی وقت کو سنوارنے کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا جا رہا ہے۔ حیدر نامی طالب علم کا کہنا ہے کہ ’’میں نے ملک کے پہلے وزیر تعلیم کے نام کی بنیاد پر اس یونیورسٹی میں داخلہ لیا تھا لیکن یونیورسٹی کی سست روی کے سبب جس پریشانی سے ہم گزر رہے ہیں اس سے مولانا آزاد کے نام کی توہین ہو رہی ہے۔‘‘ ایک دیگر طالب علم محمد مستقیم کا کہنا ہے کہ ’’میں نے اس یونیورسٹی میں اس لیے داخلہ لیا تھا کہ یونیورسٹی ہمارے مستقبل کا خیال رکھے گی۔ افسوس کی بات ہے کہ ہمیں کورس بھی نہیں دیا جا رہا۔‘‘
واضح رہے کہ عالمی وباء کورونا کے سبب اس بیچ کے طلباء کا پہلے ہی ایک سال خراب ہو چکا ہے، اس وجہ سے طلباء مزید ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ اس تعلق سے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے ذمہ داران سے بات کرنے کی کوشش کی گئی لیکن بات نہیں ہو سکی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔