راجدھانی دہلی میں تیز ہواؤں اور ہلکی بارش سے لوگوں کو شدید گرمی سے کچھ راحت ملنے کی امید
محکمہ موسمیات نے کہا کہ مغربی ہمالیہ علاقے پر ایک ویسٹرن ڈسٹربنس فعال ہے جس کی وجہ سے آج شمال مغربی میدانی علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کی توقع ہے۔
نئی دہلی: قومی راجدھانی میں بدھ کی دوپہر آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہنے، تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کی وجہ سے لوگوں کو شدید گرمی سے کچھ راحت ملنے کی امید ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے یہ اطلاع دی۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ مغربی ہمالیہ علاقے پر ایک ویسٹرن ڈسٹربنس فعال ہے جس کی وجہ سے آج شمال مغربی میدانی علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کی توقع ہے۔ جس کی وجہ سے جمعرات تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چار سے پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جائے گا۔ دہلی اور پورے شمالی ہندوستان کے کچھ حصے پچھلے تین دنوں سے شدید گرمی سے دوچار ہیں، کچھ جگہوں پر درجہ حرارت 46 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے افسران نے کہا کہ تازہ مغربی ڈسٹربنس کے فعال رہنے سے 24 مئی سے گرم موسم کی حالات سے راحت ملنے کا امکان ہے۔ اس صورتحال میں تین سے چار روز تک ہلکی بارش اور ابر آلود موسم کی توقع ہے۔ دہلی کے اہم موسمیاتی مرکز صفدرجنگ آبزرویٹری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو ایک دن پہلے 43.7 ڈگری سیلسیس کے مقابلے میں معمول سے تین درجے زیادہ تھا۔ کم از کم درجہ حرارت 29.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے تین درجے کم ہے، جو ایک دن پہلے 27.3 ڈگری سیلسیس تھا۔
مزید برآں، نجف گڑھ میں درجہ حرارت 46.2 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جس سے یہ دارالحکومت کا گرم ترین مقام بن گیا۔ نریلا میں 45.3 ڈگری سیلسیس، پیتم پورہ میں 45.8 ڈگری سیلسیس اور پوسا میں 45.8 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔ فی الحال، جھارکھنڈ کے لیے 23 مئی کو گرم لہر کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔
اگلے تین دنوں کے دوران شمال مغربی ہندوستان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چار سے چھ ڈگری سیلسیس رہنے کی توقع ہے جبکہ ہماچل پردیش میں آج الگ تھلگ مقامات پر بھاری بارش متوقع ہے۔ اسی دوران جموں و کشمیر، لداخ، گلگت، بلوچستان، مظفرآباد، اتراکھنڈ، پنجاب، جنوبی ہریانہ سے ملحق پنجاب کے علاقوں اور شمالی راجستھان کے کچھ علاقوں میں ژالہ باری کا امکان ہے۔ دہلی این سی آر میں آج اور کل گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اگلے 48 گھنٹوں کے دوران وسطی اور مغربی ہندوستان کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی متوقع نہیں ہے، جس کے بعد دو سے چار ڈگری سیلسیس کی کمی متوقع ہے۔ محکمہ نے 23 اور 24 مئی کو مغربی بنگال، سکم، جنوبی خلیج بنگال، بحیرہ انڈمان اور جزائر انڈمان اور نکوبار میں 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی وارننگ دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔