اتر پردیش: 2024 سے پہلے بی جے پی کو بڑا جھٹکا؟ نشاد پارٹی نے اپنے نشان پر لوک سبھا الیکشن لڑنے کا کیا اعلان
سنجے نشاد نے کہا کہ پارٹی پارلیمنٹ میں اپنی موجودگی چاہتی ہے۔ جبکہ نشاد پارٹی نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات بی جے پی کے ساتھ اور بی جے پی کے نشان پر لڑی تھی۔
اتر پردیش میں بی جے پی کی حلیف نشاد پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے ہی نشان پر لوک سبھا انتخابات لڑے گی۔ پارٹی کے قومی صدر اور یوپی کے ماہی پروری کے وزیر سنجے نشاد نے کہا کہ پارٹی پارلیمنٹ میں اپنی موجودگی چاہتی ہے۔ جبکہ نشاد پارٹی نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات بی جے پی کے ساتھ اور بی جے پی کے نشان پر لڑی تھی۔ سنجے نشاد کے بیٹے پروین نشاد نے سنت کبیر نگر سے بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور جیت گئے تھے۔
2019 کے انتخابات پہلا چناؤ تھا جو نشاد پارٹی نے لڑا تھا۔ سنجے نشاد نے کہا کہ عام انتخابات کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ تیاریاں تین مرحلوں میں کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں پارٹی 27 لوک سبھا سیٹوں پر اپنی موجودگی کو مضبوط کرنے کے لیے کام کرے گی، جہاں 4.5 لاکھ سے زیادہ نشاد ووٹر ہیں۔ لوک سبھا کی یہ 27 سیٹیں ندیوں کے کنارے واقع ہیں۔
نشاد پارٹی اپنی بوتھ سطح کی کمیٹیوں اور بلاک سطح کی کمیٹیوں کو مضبوط کرے گی تاکہ ووٹروں سے براہ راست رابطہ قائم کیا جا سکے۔ پارٹی نے کیڈر ٹریننگ کیمپس کے انعقاد کے ساتھ ساتھ اپنے کارکنوں اور عہدیداروں کی تربیت بھی شروع کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اروند کیجریوال آج مہاراشٹر میں ادھو ٹھاکرے سے کریں گے ملاقات
دریں اثنا، سنجے نشاد کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، بی جے پی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ہر کوئی اپنا فیصلہ لینے کے لیے آزاد ہے، لیکن بی جے پی نے ابھی تک اتحادیوں کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی اس معاملے پر ابھی کوئی بات چیت ہوئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔